پنجاب میں جعلی لائسنس رکھنے والوں سے اسلحہ کی واپسی کیلئے سندھ حکومت کی طرز پر خصوصی مہم چلائی جائیگی

اسلحہ لائسنس کی کمپیوٹر ائزیشن کا کل سے آغاز ہوگا ،پہلے مرحلے میں 2009ء سے 2014 کے دوران جاری کردہ اسلحہ لائسنس کمپیوٹر ائزڈ کئے جائینگے

اتوار 25 جنوری 2015 14:32

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 25جنوری 2015ء) پنجاب حکومت نادرا کے ذریعے اسلحہ لائسنس کی جانچ پڑتال کا مرحلہ مکمل ہونے کے بعد جعلی لائسنس رکھنے والوں سے سندھ حکومت کی طرز پر اسلحہ کی واپسی کیلئے خصوصی مہم چلائے گی ،نادرا کے اشتراک سے پنجاب میں اسلحہ لائسنس کی کمپیوٹر ائزیشن کا کل ( پیر ) سے آغاز ہوگا ،پہلے مرحلے میں 2009ء سے 2014ء کے دوران جاری کردہ اسلحہ لائسنس کمپیوٹر ائزڈ کئے جائیں گے جبکہ اسلحہ لائسنس کمپیوٹر ائزڈ نہ کرانے کی صورت میں 28فروری 2015ء سے منسوخ کر دئیے جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب میں جاری ہونے والے اسلحہ لائسنس کو کمپیوٹر ائزڈ کرنے کے مرحلے کا آغاز آج پیر سے ہو جائے گا جسکے لئیپرانا اسلحہ لائسنس رکھنے والے افراد کو کمپیوٹر ائزڈ اسلحہ لائسنس کے حصول کے لئے قریبی نادرا سنٹر یا متعلقہ ڈویژن میں قائم سہولت سنٹر میں جانا ہوگا ۔

(جاری ہے)

نیاکمپیوٹر ائزڈ اسلحہ لائسنس حاصل کرنے کے لئے 1400روپے بطور فیس ”اومنی “ دکان میں جمع کرانا ہو گی جسکے بعد فیس کی اصل رسید ‘ اپنا کمپیوٹر ائزڈ قومی شناختی کارڈ اور موجودہ اسلحہ لائسنس کے ہمراہ قریبی نادرا سنٹر یا متعلقہ ڈویژن میں جانا ہوگا۔

پنجاب حکومت نے اس سلسلہ میں پہلے مرحلے میں نو اضلاع میں سہولت مراکز قائم کر دئیے ہیں جن میں لاہور‘ گوجرانوالہ‘ فیصل آباد‘ سرگودھا‘ ساہیوال‘ ملتان‘ ڈی جی خان ‘ بہاولپور اور راولپنڈی شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق پہلے سے جاری ہونے والے اسلحہ لائسنس کی نادرا کے ذریعے جانچ پڑتال میں درستگی ثابت نہ ہونے پر اسلحہ واپس لینے کے لئے خصوصی مہم چلائی جائے گی ۔

جبکہ پہلے سے جاری اسلحہ لائسنس کمپیوٹر ائزڈ کرنے کا مرحلہ مکمل ہونے کے بعد نئے اسلحہ لائسنس پر سے پابندی ہٹا لی جائے گی ۔ نئی اسلحہ لائسنس پالیسی سے اسلحہ ڈیلرز اور مینوفیکچر ربھی آن لائن ہو جائیں گے ۔یاد رہے کہ صوبائی وزیر داخلہ کرنل (ر) شجاع خانزادہ نے پنجاب کے ایوان کو بتایا تھاکہ پنجاب میں 18لاکھ اسلحہ لائسنس جاری ہوئے جن میں سے پچاس فیصد جعلی ہیں۔

متعلقہ عنوان :