اسلام آباد ہائیکورٹ ، سابق گورنر پنجاب سلیمان تاثیر کے قتل میں گرفتار ممتاز قادری کیس کی سماعت کے لئے دو رکنی بینچ تشکیل

کیس کی سما عت پرسوں ہو گی ،سماعت کے موقع پر عدالت عالیہ کی سیکیورٹی بڑھانے کے لئے اعلیٰ حکام کو آگاہ کر دیا گیا

اتوار 25 جنوری 2015 13:32

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 25جنوری 2015ء) اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق گورنر پنجاب سلیمان تاثیر کے قتل میں گرفتار ملک محمد ممتاز قادری کیس کی سماعت کے لئے دو رکنی بینچ تشکیل دے رہا ہے۔ جسٹس نور الحق این قریشی اور جسٹس شوکت عزیز صدیقی پر دو رکنی بینچ کیس کی سماعت پرسوں (منگل) کے روز کرے گا۔ درخواست گزار کی جانب سے خواجہ محمد شریف سابق چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ‘ چوہدری عبدالعزیز‘ ایڈووکیٹ غلام مرتضیٰ وٹو پر مشتمل وکلاء پینل عدالت عالیہ میں پیش ہو گا جبکہ وفاق کی جانب سے ڈپٹی اٹارنی جنرل آف پاکستان پیش ہوں گے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ اس وقت کے چیف جسٹس اقبال حمید الرحمٰن اور جسٹس محمد انور خان کاسی نے ممتاز قادری کیس کی سماعت کرتے ہوئے انسداد دہشت گردی کی عدالت سے جاری کئے جانے والے سزائے موت کے حکم نامہ کو معطل کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے سرکار کو نوٹس جاری کئے تھے۔

(جاری ہے)

انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج نے سابق گورنر پنجاب سلیمان تاثیر کے قاتل کو یکم اکتوبر 2011ء کو سزائے موت سنائی تھی جس کو درخواست گزار نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا اور عدالت عالیہ نے ملک محمد ممتاز قادری کی سزائے موت کے حکم نامہ کو معطل کر دیا تھا۔

کیس کی سماعت کے موقع پر سنی اتحاد کونسل اور دیگر مذہبی جماعتوں کی آمد کے موقع پر ہائیکورٹ کے حاطہ میں کوئی بھی ناخوشگوار واقع رونما ہو سکتا ہے سیکیورٹی ذرائع نے ممتاز قادری کیس کی سماعت کے موقع پر عدالت عالیہ کی سیکیورٹی بڑھانے کے لئے اعلیٰ حکام کو آگاہ کر دیا ہے۔