پرویزمشرف کی سعودی عرب جانے کی خواہش۔شہداء فاؤنڈیشن کے صدر نے پرویزمشرف کا نام ای سی ایل سے نہ نکالنے کی درخواست کردی
ہفتہ 24 جنوری 2015 23:40
(اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 جنوری 2015ء ) پرویزمشرف کے خلاف علامہ عبدالرشید غازی قتل کیس کے مدعی صاحبزادہ ہارون الرشید غازی کے وکیل طارق اسد نے وفاقی وزیرداخلہ اور وفاقی سیکریٹری داخلہ کو پرویزمشرف کا نام ای سی ایل سے نہ نکالنے کے لئے درخواست دے دی۔ ترجمان شہداء فاؤنڈیشن کے مطابق درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ پرویزمشرف کو سعودی ولی عہد شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کے انتقال پر تعزیت کے لئے سعودی عرب جانے کی اجازت نہ دی جائے بصورت دیگر پرویزمشرف کے ملک سے باہر جانے کے ذمہ دار وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق شہداء فاؤنڈیشن کے صدر و معروف قانون دان طارق اسد نے ہفتہ وار تعطیل کی وجہ سے وفاقی وزیرداخلہ اور وفاقی سیکریٹری داخلہ کو ای میل کے ذریعے ایک درخواست بھیجی ہے۔(جاری ہے)
درخواست میں کہا گیا ہے کہ”میڈیا کے ذریعے معلوم ہوا ہے کہ پرویزمشرف نے گزشتہ روز وفاقی وزیرداخلہ کو ایک درخواست بھیجی ہے جس میں پرویزمشرف نے استدعا کی ہے کہ وہ شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کے انتقال پر شاہی خاندان سے تعزیت کے لئے سعودی عرب جانا چاہتے ہیں اس لئے ان کا نام ای سی ایل سے نکالا جائے۔
پرویزمشرف کے خلاف بہت سے فوجداری مقدمات درج ہیں جن میں لال مسجد کے نائب خطیب علامہ عبدالرشید غازی اور ان کی والدہ صاحب خاتون کے قتل کا مقدمہ بھی شامل ہے۔علامہ عبدالرشید غازی قتل کیس میں عدالت پرویزمشرف کو کم سے کم 23دفعہ طلب کرچکی ہے لیکن پرویزمشرف ایک دفعہ بھی عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔پرویزمشرف وہ ہی شخص ہیں کہ جس کے حکم پر جولائی 2007میں لال مسجد و جامعہ حفصہ میں سینکڑوں طلبہ و طالبات کو نہ صرف قتل کیا گیا بلکہ قرآن پاک اور احادیث شریفہ کے ہزاروں نسخوں کی بھی توہین کی گئی۔پرویزمشرف وہ ہی شخص ہیں کہ جس نے پاکستان کے موجودہ وزیراعظم نواز شریف کو ان کے والد کی نماز جنازہ میں شرکت کے لئے پاکستان آنے کی بھی اجازت نہیں دی۔پرویزمشرف اپنے خلاف درج سنگین مقدمات میں ٹرائل سے بچنے کے لئے کئی دفعہ پاکستان سے فرار ہونے کی کوشش کرچکے ہیں لیکن سپیشل کورٹ،سندھ ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ نے پرویزمشرف کو پاکستان سے باہر جانے کی اجازت نہیں یہاں تک کہ پرویزمشرف نے اپنی بیمار والدہ کی عیادت کے لئے بھی بیرون ملک جانے کی اجازت طلب کی لیکن ان کے خلاف درج سنگین مقدمات کی وجہ سے انہیں والدہ کی عیادت کے لئے بھی بیرون ملک جانے کی اجازت نہیں دی گئی“۔طارق اسد نے درخواست میں استدعا کی ہے کہ”سعودی ولی عہد شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کے انتقال پر تعزیت کی آڑ میں پرویزمشرف حسین حقانی کی طرح ایک دفعہ پھر ملک سے فرار ہونے کی کوشش کررہے ہیں۔لہٰذا وفاقی وزارت داخلہ علامہ عبدالرشید غازی قتل کیس کے حتمی فیصلے تک پرویزمشرف کا نام ای سی ایل میں برقرار رکھے اور انہیں پاکستان سے باہر جانے کی اجازت نہ دے۔اگر پرویزمشرف پاکستان سے فرار ہوئے تو اس کی ذمہ داری وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان پر عائد ہوگی اور وہ ہی علامہ عبدالرشید غازی قتل کیس کے بھی ذمہ دار ہوں گے“۔متعلقہ عنوان :
مزید اہم خبریں
-
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے مشترکہ مفادات کونسل کی تشکیلِ نو کر دی
-
شانگلہ حملے کے اصل ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لائیں گے، وفاقی وزیرداخلہ کی چینی سفارت خانے کے دورے کے موقع پر گفتگو
-
آئی ایم ایف کے ساتھ نئے پروگرام کیلئے اسٹاف لیول معاہدہ جون تک کرنا چاہتے ہیں، وفاقی وزیر خزانہ
-
اپریل کو سندھ بھر میں عام تعطیل کا اعلان
-
فرانس: بالوں سے متعلق امتیازی سلوک ختم کرنے کا نیا قانون
-
کیا جرمنی شام کی اسد حکومت کی بالواسطہ مالی مدد کر رہا ہے؟
-
بھائی کے ہاتھوں قتل ہونے والی ماریہ کی ابتدائی میڈیکل رپورٹ منظر عام پر آگئی
-
وزیراعظم نے مشترکہ مفادات کونسل کی تشکیل نو کر دی،وزیرخزانہ کی جگہ وزیرخارجہ کونسل میں شامل
-
اللہ کو حاضر ناظرجان کر کہتا ہوں کسی کے ساتھ کوئی ناانصافی نہیں کی ،چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ
-
علیمہ خان نے نواز شریف کو پانامہ کیس میں اقامہ پر سزا دینا غلطی قرار دیدیا
-
پاکستان: بھارت کے ساتھ تجارت بحال کرنے کی تجویز زیر غور ہے
-
پاکستان تحریک کی رہنماءصنم جاوید اور عالیہ حمزہ کو ضمانت کے بعد دوبارہ گرفتار کرلیا گیا
UrduPoint Network is the largest independent digital media house from Pakistan, catering the needs of its users since year 1997. We provide breaking news, Pakistani news, International news, Business news, Sports news, Urdu news and Live Urdu News
© 1997-2024, UrduPoint Network
All rights of the publication are reserved by UrduPoint.com. Reproduction without proper consent is not allowed.