حرمت رسول کی حفاظت امت مسلمہ کا مشترکہ معاملہ ہے: الطاف شکور،

ہرضلع اور ٹاؤنز کے ذمہ دارگستاخانہ خاکوں کے خلاف اپنے اپنے علاقوں میں بینر آویزاں کریں: شیخ محمد شکیل، الطاف شکور کی پاسبان کے تمام ذمہ داران و کارکنان کوتمام دینی و سیاسی جماعتوں کے احتجاج میں بھرپور شرکت کی ہدایت

ہفتہ 24 جنوری 2015 23:40

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 جنوری 2015ء) پاسبان پاکستان کے صدر الطاف شکورنے پاسبان کے تمام ذمہ داران اور کارکنان کو ہدایت کی ہے کہ ملک بھر اور شہر کراچی میں گستاخانہ خاکوں کے خلاف ہر دینی و سیاسی جماعتوں کی ریلیوں ، جلسوں ، جلوس اور مظاہروں میں ذاتی اور سیاسی مفاد سے بالاتر ہوکر بھر پور انداز میں شرکت کریں۔ وہ گزشتہ روز پاسبان پاکستان کے جنرل سیکریٹری عثمان معظم کی رہائش گاہ پر پاسبان کراچی کے ہرسطح کے ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے اس موقع پر پاسبان کراچی کے صدر شیخ محمد شکیل، الطاف آگریا، بلال قریشی ایڈوکیٹ،امجد بلوچ، جاوید ملک،امین تاجک، ناصر ولی، عتیق الرحمان، فرید خٹک، گل محمد بھٹو،وسیم غوری، یاسین بھائی و دیگر بھی موجود تھے ۔

الطاف شکور نے کہا کہ توہین رسالت کے معاملے پر تمام جماعتوں کو یکجا ہو کر اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھرپور قوت کا مظاہرہ کرنا چاہئے تاکہ امریکہ و مغربی ممالک کو موثر اور واضح پیغام دیا جاسکے کہ مسلمان توہین رسالت کسی بھی صورت میں قبول کرنے کیلئے تیار نہیں ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حرمت رسول کی حفاظت امت مسلمہ کا مشترکہ معاملہ ہے اس لئے پاسبان ہر احتجاج میں شرکت کرکے اتحاد بین المسلمین کا عملی ثبوت دے گی اور اپنی ڈیڑھ اینٹ کی علیحدہ مسجد نہیں بنائے گی ۔

شیخ محمد شکیل نے کہا کہ ہرضلع اور ٹاؤنز کے ذمہ داراور کارکنان اپنے اپنے علاقوں میں بینر آویزاں کریں اور مسلمانوں میں اتحاد اور یکجہتی پیدا کرنے کیلئے اقدامات کریں۔ پاسبان تمام جماعتوں سے اپیل کرتی ہے کہ وہ توہین رسالت کے معاملے پر متحدہ ہو جائیں ۔

متعلقہ عنوان :