وزیراعلی خیبرپختونخوا نے افغان مہاجرین کی وطن واپسی میں مشکلات اور بچوں کی اموات کانوٹس لے لیا،

آئی ڈی پیز پاکستان کے محب وطن و باعزت شہری اور قوم کے محسن ہیں،افغان مہاجرین ہمارے مسلمان بہن بھائی ہیں ،پرویزخٹک

ہفتہ 24 جنوری 2015 21:36

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 جنوری 2015ء) خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے آئی ڈی پیز کی بحالی اور افغان مہاجرین کی وطن واپسی میں مشکلات اور بچوں کی اموات سے متعلق ایک شکایت سامنے آنے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے صوبائی محکمہ داخلہ اور پی ڈی ایم اے و ایف ڈی ایم اے سمیت تمام متعلقہ محکموں کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ انکی بخوشی واپسی کے سفر میں بھی اسی طرح بھرپور مدد کریں تاکہ انہیں اور انکے بال بچوں کو راستے میں کسی بھی مقام پر تکالیف کا سامنا نہ کرنا پڑے وزیراعلیٰ نے اس بارے میں بعض رپورٹس اور شکایات پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکام پر واضح کیا کہ آئی ڈی پیز پاکستان کے محب وطن و باعزت شہری اور قوم کے محسن ہیں جنہوں نے ملک کو دہشت گردی سے نجات دلانے کیلئے گھربار چھوڑ کر ناقابل فراموش قربانی دی ہے اور صوبائی حکومت انکا یہ احسان بسرو چشم مانتی ہے جبکہ افغان مہاجرین بھی ہمارے مسلمان بہن بھائی ہیں ہم نے طویل عرصہ انکی مہمان نوازی کی ہے اور اب انکی باعزت وطن واپسی کو باسہولت بنانا بھی ہمارا اتنا ہی بنیادی فرض ہے اسلئے جو اپنی مرضی سے بخوشی جانا چاہیں تو انہیں گھر کی دہلیز تک آرام اور سہولت کے ساتھ پہنچانا بھی متعلقہ حکام کی ذمہ داری ہے جس میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور آئندہ انہیں سفری تکالیف یا موسمی مشکلات کا سامنا ہونے یا شکایات ملنے کا مطلب یہی سمجھا جائے گا کہ متعلقہ اداروں اور حکام نے فرض کی ادائیگی سے پہلو تہی کی ہے جس کی تحقیقات اور نشاندہی کرکے اتنی ہی شدت سے سرزنش بھی کی جائے گی پرویز خٹک نے خبردار کیا کہ آئندہ اسطرح کی کوئی شکایت نہیں ملنی چاہئے ورنہ حکام سزا کیلئے بھی تیار رہیں۔