نورانی چورنگی پر اپنی بھرپورقوت کا مظاہرہ کریں گے، شبیرابوطالب،

قائدین اہلسنّت کانفرنس کے اختتام پر قائدملت اسلامیہ حضرت علامہ شاہ احمدنورانی، سے منسوب نورانی چورنگی کی تختی کی نقاب کشائی کرینگے

ہفتہ 24 جنوری 2015 21:34

کراچی( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 جنوری 2015ء) کراچی میں آج ہونے والے اہلسنّت کے بڑے جلسے کی تیاریاں مکمل ہوگئیں، شہر کی تمام شاہراہیں پینافلیکس، بینرزاور پوسٹرز سے سج گئیں،مختلف علاقوں میں کیمپ قائم کردیئے گئے ہیں جبکہ علاقوں اور محلوں میں چھوٹی بڑی گاڑیوں کے ذریعے بھی کانفرنس کے اعلانات کئے جارہے ہیں، کارکنان کو ذمہ داریاں تفویض کردی گئی ہیں جوعلی الصبح ہی اپنے علاقوں سے بھرپورشرکت کے لئے عوام اہلسنّت سے رابطے شروع کردیں گے۔

یہ باتیں جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری اور جلسے کے آرگنائزرمحمدشبیر ابوطالب نے نورانی چورنگی پر مرکزی کیمپ پر کارکنان کے جم غفیر سے خطاب کرتے ہوئے کہیں، جو شہر کے مختلف علاقوں سے ٹولیوں کی شکل میں نورانی چورنگی پہنچے تھے۔

(جاری ہے)

شبیر ابوطالب نے کہاکہ اتوارکونورانی چورنگی پر اپنی بھرپورقوت کا مظاہرہ کریں گے، ناموس رسالت ونظام مصطفےٰ کانفرنس کراچی میں ایک تاریخی جلسہ ہوگا، عوام بھرپورشرکت کریں ،آقائے کریم ﷺ کی حرمت وناموس کا معاملہ ہے کوئی گھرمیں نہ رہے ،قائدجمعیت علماء پاکستان صاحبزادہ ابوالخیرمحمدزبیر حیدرآباد سے ایک بڑے قافلے کے ہمراہ تشریف لائیں گے۔

شبیر ابوطالب نے کہاکہ ہم نے تیاریاں مکمل کرلی ہیں کراچی سندھ اور ضلع ایسٹ کے انتظامی اداروں کے ذمہ داران باالخصوص کمشنر کراچی ، ڈپٹی کمشنر ضلع ایسٹ ، ایڈیشنل آئی جی سے رابطے میں ہیں جنہوں نے ہمیں شرکاء کولانے والی ٹرانسپورٹ کے لئے تین پارکنگ دی ہیں،انہوں نے بتایاکہ جلسہ گاہ کو خوبصورت لائٹس ، اسکرینوں اور جے یوپی کے پرچموں سے سجایاجائے گا،صحافیوں کے لئے پریس گیلری کابھی اہتمام کیاگیاہے ،استقبالی ترانے تیارکئے گئے ہیں جوقائدین کی آمد پر بجائے جائیں گے جبکہ اس کانفرنس میں ملک کے مشہورومعروف ثناء خواں شرکت کررہے ہیں جو وقتاًفوقتاً اپنے ترانوں کے ذریعے حاضرین کے قلوب کو گرماتے رہیں گے۔

شبیر ابوطالب نے کہاکہ جلسے میں اہلسنّت کے بڑے قائدین کی شرکت ہوگی، قائدجمعیت صاحبزادہ ابوالخیرمحمدزبیر کانفرنس میں اہم اعلانات فرمائیں گے، انہوں نے صحافی حضرات سے کوریج کی خصوصی اپیل کرتے ہوئے بتایاکہ مرکزی خطابات رات 9بجے شروع ہوں گے۔