چولستان جیپ ریلی 13 فروری سے15 فروری تک قلعہ دراوڑ بہاولپور سے شروع ہوگی ،

لاہور شہر میں ٹورسٹ بس سروس اگلے دو ماہ میں شروع کردی جائے گی ‘ صوبائی وزیر رانا مشہود احمد خاں

ہفتہ 24 جنوری 2015 20:54

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 جنوری 2015ء) وزیر تعلیم و سیاحت پنجاب رانا مشہود احمد خاں نے پاکستان کے سب سے بڑے موٹر سپورٹس ایونٹ ” چولستان جیپ ریلی “ کا پہلا عشرہ مکمل ہونے کے موقع پر یہاں منعقد کی گئی خصوصی تقریب سے خطاب میں کہاہے کہ صحرائے چولستان میں تاریخ صدیوں سے بکھری پڑی ہے ، ہمارے اس تاریخی ورثے کو اصل شناخت چولستان جیپ ریلی کے ذریعے نصیب ہوئی ہے ، حکومت پنجاب نے اگلے ماہ 13 فروری سے15 فروری تک بہاولپور میں قلعہ دراوڑ سے چولستان کے اندرونی علاقوں تک 225کلومیٹر صحرائی فاصلے پر فور وھیل جیپوں کی دسویں قومی ریلی منعقد کرانے کا فیصلہ کیاہے جس میں 3 لاکھ سے زیادہ شائقین اور مقامی افراد شرکت کریں گے ۔

چولستان جیپ ریلی کی سپانسرشپ کے لئے اس موقع پر ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن پنجاب کے مینجنگ ڈا ئریکٹر احمر ملک اور مارکیٹنگ ہیڈ ماؤنٹین ڈیو عثمان شاہد کے مابین سمجھوتے پر دستخطوں کی تقریب بھی منعقد کی گئی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیر سیاحت پنجاب رانا مشہود احمد خاں اور دیگر متعلقہ حکام کے علاوہ پنجاب کے سابق گورنر لیفٹیننٹ جنرل (ر) خالد مقبول نے خصوصی طور پر شرکت کی۔

ٹی ڈی سی پی بورڈ آف گورنرز کے وائس چیئرمین عمران علی گورائیہ ،سیکرٹری سیاحت محمد خان کھچی ، چیف ایگزیکٹو والڈ سٹی پراجیکٹ کامران لاشاری ،چیئرمین وزیراعلی انسپکشن ٹیم عرفان علی ،چیئرمین چولستان ٹاسک فورس سعود مجید ، چیف ایگزیکٹو رائل پام کنٹری کلب شیخ محمد رمضان ،چیمپئن ڈرائیورز رونی پٹیل ، تشنا پٹیل ،محمود مجید ، نوابزادہ عامر مگسی ، سردار حسن صادق اورمحمد اشرف کے علاوہ ”اوبارہ فاؤنڈیشن کے نمائندے کرنل (ر) کمالدین رانا نے چولستان جیپ ریلی کی نمایاں خصوصیات سے لوگوں کو آگاہ کرتے ہوئے اس ریلی کو چولستان کی سماجی و معاشی ترقی اور صحرائی تہذیب و تمدن سے دنیا کو روشناس کرانے کا اہم ذریعہ قرار دیا ۔

وزیر سیاحت رانا مشہو داحمد خاں نے کہاکہ حکومت پنجاب نے بہاولپور سے قدیم قلعہ دراوڑ تک روڈنیٹ ورک بہتر بنادیاہے لیکن قلعہ دراوڑ کی قدیم عمارت خود امتداد زمانہ کے باعث بہت خستہ حالت کو پہنچ چکی ہے ۔ ہمیں اپنے وطن کے ”زندہ صحرا“چولستان کے اس تاریخی اہمیت کے حامل نگینے کو اس کی اصل حالت میں برقرار رکھنا ہے جس کے لئے بین الاقوامی اداروں سے بھی رجوع کیاجائے گا ۔

انہوں نے بتایا کہ ٹورازم کا فروغ موجودہ حکومت کی پہلی ترجیحات میں شامل ہے ۔ضلع خوشاب کی وادی سون اور ڈیرہ غازی خان میں واقع فورٹ منرو کے صحت افزاء مقام پر کیبل کار کی تنصیب کے پراجیکٹس تکمیل کے قریب ہیں جبکہ پاکستان کے سب سے بڑے ثقافتی مرکز لاہور شہر میں سیاحوں کی سہولت کے لئے ٹورسٹ بس سروس اگلے دو ماہ میں شروع کردی جائے گی ۔

متعلقہ عنوان :