نبی ﷺ کی شان میں گستاخی کا امت مسلمہ متحد ہو کر مقابلہ کرے گی،حافظ نعیم الرحمن،

جماعت اسلامی ضلع جنوبی کے تحت شان مصطفی تشہیری کیمپ قائم، ضلع جنوبی کے ہر گلی محلے سے عوام کا جم غفیر شریک ہوگا ، حافظ عبد الواحد شیخ

ہفتہ 24 جنوری 2015 20:23

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 جنوری 2015ء) جماعت اسلامی ضلع جنوبی کے تحت 10مقامات پر ”شان مصطفی ملین مارچ “کے تشہیری کیمپ قائم کر دیے گئے ضلع بھر میں پبلسٹی فلوٹس کا گشت شروع کر دیا گیا۔جماعت اسلامی کے کارکنان نے عوام میں ہینڈبلز تقسیم کیے ۔جماعت اسلامی ضلع جنوبی کے تحت سعیدآباد ، موسیٰ لین ، بہار کالونی ، برنس روڈ ، تبت سینٹر ، پنجاب چورنگی ، کورنگی روڈ اختر کالونی، بلوچ کالونی اور محمود آباد گیٹ میں ”شان مصطفی ملین مارچ “کے تشہیری کیمپ قائم کر دیے گئے ہیں جبکہ ضلع بھر میں پبلسٹی فلوٹس نے گشت شروع کر دیا ہے۔

اس موقع پر جماعت اسلامی کے کارکنوں نے چوکوں ، چوراہوں ، گلی محلوں میں گھرگھر جاکر اور بسوں میں ”شان مصطفی ملین مارچ “کے ہینڈبلز تقسیم کیے اور عوام کو ملین مارچ کی شرکت کی دعوت دیں گے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن ، عبد الوہاب ، مظفر ہاشمی، ضلع جنوبی کے امیر حافظ عبد الواحد شیخ ، قیم سفیان دلاور ، نائب امراء علی حسین ، عبد الرشید ، راجا عارف سلطان ،مولانا کاشف شیخ اور ظہور احمد جدون سمیت دیگر ضلعی ذمہ داران نے کیمپوں کا دورہ کیا۔

کیمپ کے دورے کے موقع پرحافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ نبی ﷺ کی شان میں گستاخی سب سے بڑی دہشت گردی ہے اور اس دہشت گردی کا امت مسلمہ متحد ہو کر مقابلہ کرے گی ۔انہوں نے کہا کہ 25جنوی کے ملین مارچ کو کامیاب بنا نے کے لیے عوام الناس اپنے گھروں سے نکلیں اور مغرب کی سازشوں کو ناکام بنا دے ۔عوام ملین کے لفظ کو اپنے اتحاد اور جم غفیر سے چھوٹا ثابت کر دیں گے ۔

گستاخانہ خاکوں کے خلاف ملین مارچ تاریخ کا سب سے بڑا ملین مارچ ثابت ہوگا ۔حافظ عبد الواحد شیخ نے کہا کہ لیاری ، موسیٰ لین ، محمود آباد ، گزری ، اختر کالونی ، ڈیفنس اور کلفٹن سمیت ضلع جنوبی کے ہر ہر علاقے اور گلی محلے سے عوام کا جم غفیر ملین مارچ میں شریک ہوگا اور یہ ثابت کرے گا کہ ہم محمد ﷺ کے غلام ہیں اور شہر کراچی محمد ﷺ عربی کے ماننے والوں کا شہر ہے ۔