پاکستان دہشت گردی کیخلاف جنگ کا اہم حصہ ہے ،نامساعدحالات میں مسلح افواج دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے بھر پور کوششیں کررہی ہیں،نیول چیف

ہفتہ 24 جنوری 2015 16:27

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 جنوری 2015ء) چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل محمد ذکاء اللہ نے کہاہے کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ کا ایک اہم حصہ ہے اور ان نامساعدحالات میں مسلح افواج دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے بھر پور کوششیں کررہی ہیں۔ پاکستا ن نیوی اپنے افسران اور جوانوں کی تربیت بین الاقوامی بحری افواج کے معیا ر کے مطابق کرنے کا عزم رکھتی ہے جس کے لیے بین الاقوامی مشقوں ، غیر ملکی فوجی اداروں میں تربیت اور دیگر بین الاقوامی فورمز میں شمولیت کے طریقے استعمال کیے جارہے ہیں۔

وہ ہفتہ کو بحریہ آڈیٹوریم میں نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) کے ذیلی کالج پاکستان نیوی انجینئرنگ کالج کے 26ویں کانووکیشن سے بطور مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔

(جاری ہے)

تقریب میں انجینئرنگ کے مختلف شعبوں میں تعلیم مکمل کرنے والے 237طلبا کو ڈگریاں تفویض کی گئیں۔ڈگریاں حاصل کرنے والوں میں پاکستان نیوی کے 74افسران ، رائل سعودی نیول فورسز کے 10افسران جب کہ نسٹ کے153 سویلین طالب علم شامل تھے میکنیکل انجینئرنگ اور انڈسٹریل اینڈ مینو فیکچرنگ میں بی ای کی ڈگریاں دی گئیں۔

تقریبب سے خطاب کرتے ہوئے چیف آف نیول اسٹاف نے کہا کہ ٹیکنالوجی سے متعلق فوج کے طور پر پاکستان نیوی نے ہمیشہ اپنے افسران کی تربیت کے لیے تمام شعبوں میں اعلیٰ تعلیم پر زور دیا ہے اور نسٹ کی مسلسل مدد، حوصلہ افزائی اور تعاون کے باعث PNEC اعلیٰ تعلیم کا بہترین مرکز بن چکا ہے۔ایڈمرل ذکاء اللہ نے طلبا و طالبات پر زور دیا کہ وہ مادرِ وطن کی خدمت کے لیے اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لائیں اور اپنے آپ کو ایک ذمہ دار اور بہتر شہری ثابت کریں ۔

انہوں نے کہا”پیشہ ورانہ زندگی میں قدم رکھتے ہوئے میں سمجھ سکتا ہوں کہ کئی قسم کے چیلنجز آپ کا انتظار کر رہے ہیں اور یہ ادارہ آپ سے امید رکھتا ہے کہ آپ پیشہ ورانہ علم اور مہارت سے اس ادارے کی ساکھ کوبرقرار رکھیں گے“۔نیول چیف نے اس امر کا اعادہ کیا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ کا ایک اہم حصہ ہے اور ان نامساعدحالات میں مسلح افواج دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے بھر پور کوششیں کررہی ہیں۔

انھوں نے طلبہ کو قومی نظریہ کی بالادستی ، ملک کی نظریاتی سرحدوں کی حفاظت اور اتحاد ، ایمان اور تنظیم کے بنیادی اصول پر عمل پیرا ہونے کا مشورہ دیا۔ ایڈمرل ذکاء نے NUSTاور PNECکی ریسرچ اور ڈویلیپمنٹ کے کلچر کے فروغ میں کی جانے والی خدمات اور اس ضمن میں بین الاقوامی سطح پر قومی پرچم کی نمائندگی کو سراہا۔اپنے خطبہ استقبالیہ میں PNECکے کمانڈنٹ کموڈور زاہد اقبال نے کہا کہ PNEC نے تعلیمی میدان میں اپنا ایک اعلیٰ مقام حاصل کیا ہے اور انجینئرنگ میں BEڈگری کورسز کے علاوہ اب ایم ایس اور پی ایچ ڈی پروگرام بھی کالج میں کروائے جارہے ہیں ۔

کمانڈنٹ نے کہاکہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر ہمارے طالب علموں کی پاکستان کی نمائندگی اور خاص طور پر فلپائن، سائپرس اور انگلینڈ میں بین الاقوامی کھیلوں کے مقابلے میں ٹرافی حاصل کرنے سے ادارہ کو ایک فخریہ مقام حاصل ہوا ہے۔تقریب میں ریکٹر NUST، کمانڈر کراچی ، سینئر نیول افسران اور گریجویشن کرنے والے طلبا کے والدین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :