بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ انسداد تجاوزات نے صدر کے علاقے میں جہانگیر پارک کے اندرونی حصے میں قائم تجاوزات کا خاتمہ کردیا

پیر 19 جنوری 2015 23:32

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 جنوری 2015ء) ہائیکورٹ کی ہدایت پر بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ انسداد تجاوزات نے صدر کے علاقے میں جہانگیر پارک کے اندرونی حصے میں قائم تجاوزات کا خاتمہ کردیا اس کارروائی کے دوران محکمہ انسداد تجاوزات نے یونین کونسل، سی پی ایل سی، واٹر بورڈ اور محکمہ انجینئرنگ کے دفاتر کے علاوہ ہیلتھ کلب سمیت دیگر تجاوزات کو مسمار کردیا اس موقع پر ہوائی فائرنگ کی گئی اور لینڈ مافیا کی جانب سے شدید مزاحمت بھی کی گئی جسے پولیس کے اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرکے روک دیا اس کارروائی میں ڈائریکٹر انسداد تجاوزات مظہر خان، اسسٹنٹ ڈائریکٹر نعمان احمد، ایس پی صدر ڈاکٹر اسد، ایس ایچ او پریڈی اسٹریٹ تھانہ اعجاز علی خواجہ اور ہائیکورٹ کے ناظر ظہیر الدین نے حصہ لیا جبکہ پچاس سے زائد پولیس اہلکار اور متعلقہ عملہ بھی موجود تھا اس مہم میں بھاری مشینری نے حصہ لیا جبکہ محکمہ کے الیکٹرک کی جانب سے غیرقانونی بجلی کے کنکشن بھی کاٹ دیئے گئے۔

(جاری ہے)

ہائیکورٹ نے ہدایت کی تھی کہ جہانگیر پارک میں قائم تعمیرات کو فوراً ختم کردیا جائے جس پر بلدیہ عظمیٰ کراچی نے کارروائی کی۔ دریں اثناء محکمہ انسداد تجاوزات نے ایک اور کارروائی کے دوران نشتر روڈ چادر مارکیٹ اور بل گرام روڈ سے بھی تجاوزات کو ہٹایا اس مہم کے دوران لوہے کی چادریں اور لوہے کے پائپ کے ایم سی اسٹور میں جمع کرائے گئے جبکہ صدر کے علاقے میں آئندہ چار دنوں تک تجاوزات کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی جاری رکھی جائے گی کیونکہ اس علاقے میں شہریوں کی بڑی تعداد خرید و فروخت کے لئے آتی ہے جبکہ ٹریفک کا شدید دباؤ بھی ہے لہٰذا اس علاقے کو صاف ستھرا رکھنے اور شہریوں کو بہتر سہولتوں کی فراہمی کو ممکن بنایا جائے گا۔

میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر انسدا د تجاوزات مظہر خان نے بتایا کہ یہ آپریشن ہائیکورٹ کے احکامات پر کیا جا رہا ہے جس میں ہدایت دی گئی ہے کہ جہانگیر پارک کے اندرونی اور بیرونی حصوں سے تمام تجاوزات کا خاتمہ کردیا جائے اور اس تاریخی پارک کو اس کی اصل حالت میں بحال کردیا جائے ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تسلسل کے ساتھ تجاوزات کے خلاف کارروائی جاری رکھنے سے شہر میں تجاوزات میں تقریباً 60 فیصد نمایاں کمی ہوئی ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ تجاوزات قائم ہونے پر کڑی نگاہ رکھی جائے ۔

متعلقہ عنوان :