وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کی وزیراعظم سے ملاقات، پیٹرول بحران کے باعث عوام کو ذہنی اذیت اور مشکلات سے دوچار ہونا پڑا ،ذمہ دار وں کیخلاف بلا امتیاز کارروائی ہو گی، نواز شریف

اتوار 18 جنوری 2015 17:31

وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کی وزیراعظم سے ملاقات، پیٹرول بحران کے باعث ..

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین۔ 18جنوری 2015ء ) وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پیٹرول بحران کے باعث عوام کو ذہنی اذیت اور مشکلات سے دوچار ہونا پڑا ہے ،ذمہ دار کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں اور جو بھی غفلت کا مرتکب پایا گیا اسکے خلاف بلا امتیاز کارروائی ہوگی ، عوام نے مسلم لیگ (ن) کی حکومت پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے اسے ٹھیس نہیں پہنچنے دیں گے او رہر سطح پر انکے دکھوں کا مداوا کریں گے۔

ان خیالات کا اظہارا نہوں نے گزشتہ روز جاتی امراء رائے ونڈ میں وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ملاقات میں لاہور سمیت پنجاب میں پیٹرول بحران ،ملک میں امن و امان کی مجموعی صورتحال اور دہشتگردوں کے خلاف قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

(جاری ہے)

ملاقات کے دوران وزیر اعظم نواز شریف کے حالیہ دورہ سعودی عرب سے متعلق بھی گفتگو کی گئی جبکہ اس موقع پر پنجاب میں جاری پیٹرول بحران اور اس کے جلد از جلد خاتمے کے لئے ہنگامی اقدامات پر بھی غور کیاگیا۔

وزیر اعظم نواز شریف نے وزیر اعلیٰ شہباز شریف کو ہدایت کی کہ متعلقہ اداروں کو اس امر کا پابندی بنایا جائے کہ دستیاب پیٹرول مہنگے داموں فروخت نہ ہونے پائے جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے وزیر پیٹرولیم سے رابطہ کر کے سی این جی اسٹیشنز کھلوانے کے حوالے سے بھی وزیر اعظم کو آگاہ کیا ۔ وزیر اعظم نواز شریف نے چھ روز سے جاری پیٹرولیم بحران پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پیٹرون بحران کے ذمہ داروں کو متعلقہ اداروں میں رہنے کا کوئی حق نہیں، جو کوئی بھی اس بحران کا ذمہ دار ہوا اس کے خلاف بلا امتیاز کارروائی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ عوام نے مسلم لیگ (ن) کی حکومت پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے انشا اللہ بر قرار رکھیں گے اور اسے ٹھیس نہیں پہنچنے دیں گے ۔ عوا م کو ریلیف دینے کے لئے ہر ممکنہ اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔اس موقع پر وزیر اعظم نواز شریف اور وزیر اعلیٰ شہباز شریف کے درمیان امن و امان کی صورتحال اور دہشتگردوں کیخلاف قومی ایکشن پلان پر عمل درآمد کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

مزید بتایا گیا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف نے پیٹرولیم بحران پر قابو پانے کیلئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو کل(پیر )کے روز اسلام آباد طلب کر لیا ہے ۔ وزیراعظم سے وزیر پیٹرولیم سمیت دیگر متعلقہ حکام کی بھی ملاقاتیں متوقع ہیں ۔ ملاقات میں پی ایس او کی ادائیگیوں کے معاملات کوحل کئے جانے پر بات چیت ہو گی۔