پی ایف یو جے کا مجوزہ میڈیا ضابطہ اخلاق تیار کرنیوالی کمیٹی میں نمائندگی نہ دینے کیخلاف( آج)) وزیراعظم آفس تک مارچ کرنے کا اعلان ،

حکومت کی طرف سے دہشت گردی کیخلاف میڈیا ضابطہ اخلاق کی تیاری میں نظرانداز کر دیا گیا ہے،صحافی برادری

جمعہ 16 جنوری 2015 23:31

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16جنوری۔2015ء) پاکستان فیڈرل آف یونین جرنلسٹس (پی ایف یو جے) نے مجوزہ میڈیا ضابطہ اخلاق تیار کرنے والی کمیٹی میں صحافتی تنظیموں کو نمائندگی نہ دینے کے خلاف( آج)) پارلیمنٹ ہاؤس سے وزیراعظم آفس تک مارچ کرنے کا اعلان کر دیا۔ یہ فیصلہ راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس کے توسیعی اجلاس میں کیا گیا۔

جس میں پی ایف یو جے اور نیشنل پریس کلب کے عہدیداران، صدر پی ایف یو جے افضل بٹ، سابق صدر این پی سی فاروق فیصل خان، صدر آر آئی یو جے علی رضا علوی، جنرل سیکرٹری بلال ڈار، صدر این پی سی شہریار خان، سیکرٹری طارق چوہدری کے علاوہ دیگر عہدیداران اور کثیرتعداد میں میڈیا ورکرز نے شرکت کی۔ اجلاس میں اس امر پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا کہ حکومت کی طرف سے دہشت گردی کے خلاف میڈیا ضابطہ اخلاق کی تیاری میں عامل صحافیوں و میڈیا ورکرز کی نمائندہ تنظیموں کو یکسر نظرانداز کر دیا گیا ہے اور مجوزہ قانون سازی میں متعدد ایسی شقیں بھی شامل کی گئی ہیں جو دنیا کے کسی بھی مہذب معاشرے میں لاگو نہیں ہیں۔

(جاری ہے)

چنانچہ انہیں کسی صورت قبول نہیں کیا جا سکتا۔ اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا ہے کہ آج (ہفتہ) دن 2 بجے پارلیمنٹ ہاؤس سے وزیراعظم آفس تک احتجاجی ریلی منعقد کی جائے گی۔ جس کی قیادت پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ، آر آئی یو جے کے صدر علی رضا علوی، جنرل سیکرٹری بلال ڈار، نیشنل پریس کلب کے صدر شہریار خان، سیکرٹری طارق چوہدری اور دیگر قائدین کریں گے۔ اجلاس میں حکومت سے یہ مطالبہ کیا گیا کہ وہ ضابطہ اخلاق کی تیاریوں کے عمل میں عامل صحافیوں کی نمائندہ تنظیموں کو بھی شامل کرے اور میڈیا ورکرز کے اعتراضات کو دور کرے۔

متعلقہ عنوان :