یونین کونسل سطح پر”پیس واچ گروپ“ تشکیل دیئے جائیں گے، رانا مشہود ،

یو سی لیول پر پنجاب سٹیزن پیس والنٹیئرکورکے کم ازکم تین سو رضا کار رجسٹرڈ کئے جائیں گے ،ہر کالج میں 20 سٹوڈنٹس گروپ تشکیل پائے گا،وزیر تعلیم پنجاب

جمعرات 15 جنوری 2015 23:32

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15جنوری2015ء) وزیر تعلیم پنجاب رانا مشہود احمد خاں نے جی سی یونیورسٹی لاہور کے کمیٹی روم میں پنجاب سٹیزن پیس والنٹیئرکورکی صوبائی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے صوبے میں گلی محلے اور گاؤں کی سطح پر اخوت، رواداری اورپرامن بقائے باہمی کے جذبے کو فروغ دینے کے لئے مجوزہ ”یوتھ والنٹیئرفورس “ کا نام تبدیل کر کے اس کا دائرہ کار آؤٹ آف سکول نوجوانوں ، دینی مدرسوں کے طلبا و طالبات اور مقامی فلاحی تنظیموں تک وسیع کردیا ہے۔

”پنجاب سٹیزن پیس والنٹیئرکور“ کے نئے نام سے تشکیل دی گئی 5 لاکھ سے زائد رضا کاروں کی یہ” سٹیزن کور “ صرف یوتھ تک محدود نہیں ہو گی بلکہ معاشرے کے تمام طبقے بلا امتیاز انتہاپسندی کے خاتمے اور مشکوک افراد کی نفرت انگیز سرگرمیوں کی نشاندہی کا کام سرانجام دیں گے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایگزیکٹو کمیٹی کے فوکل پرسن میاں نصیر احمد ایم پی اے ، پنجاب یوتھ کاکس کے صدر وقاص حسن موکل ، جنرل سیکرٹری میاں عرفان دولتانہ ، پارلیمانی سیکرٹری مہوش سلطانہ ، چیئرپرسن پنجاب سوشل سروسز بورڈ محترمہ کرن ڈار ، ارکان پنجاب اسمبلی محترمہ تحیانون اور مخدوم ہاشم جواں بخت کے علاوہ چیئرمین پنجاب ہائرایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر نظام الدین ، وائس چانسلر جی سی یونیورسٹی لاہور ڈاکٹر خلیق الرحمن ، چیف ایگزیکٹو آفیسر لاہور نالج پارک شاہد زمان ،وزیر اعلی یوتھ موبلائزیشن کمیٹی کے صدر چوہدری سہیل عامر، نوجوانوں کی ترقی کے لئے کام کرنے والی دیگر سماجی تنظیموں اور محکمہ تعلیم کے سینئر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس میں پنجاب سٹیزن پیس والنٹیئرکورکے سٹرکچرل ارینجمنٹ اور کام کرنے کے میکانزم کو حتمی شکل دی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب کی ہر یونین کونسل میں 15 ارکان پر مشتمل ”پیس واچ گروپ“ تشکیل دیئے جائیں گے جس میں نویں اور دسویں جماعت کے طلبا و طالبات اور کالجئیٹ سٹوڈنٹس، سکول کونسلز اور کالج کونسلز کے ارکان کے علاوہ گرل گائیڈز ، بوائز سکاؤٹس ، مقامی امن کمیٹی کے ایک ایک رکن ، مقامی مسجد کمیٹیوں کے ایک نمائندے ، اقلیتوں کے ایک نمائندے ،محکمہ بلدیات، محکمہ سول ڈیفنس ، مقامی دینی مدرسوں کے نمائندے ، مقامی سپورٹس اینڈ کلچرکمیٹی اور مقامی زکوة و عشر کمیٹی کے ایک ایک نمائندے کے علاوہ ایس ایم ٹی، ووکیشنل انسٹی ٹیوٹس اور مقامی ایکس سروس مین میں سے ایک نمائندے کو پیس واچ گروپ میں شامل کیا گیا ہے ۔

ہر یونین کونسل میں پنجاب سٹیزن پیس والنٹیئرکورکے کم ازکم تین سو رضا کار رجسٹرڈ کئے جائیں گے جبکہ ہر کالج میں 20 سٹوڈنٹس کا کورگروپ تشکیل پائے گا اور ہر پیس واچ گروپ کے ارکان مقامی یونین کونسل کے دفتر میں بیٹھیں گے-وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خاں نے اس موقع پر بتایا کہ معاشرے میں فتنہ گری کرنے والوں پر نظر رکھنے کا کام سرانجام دینے کے علاوہ پیس واچ گروپ کے ارکان اپنی اپنی یونین کونسل میں عوام کو مذہبی منافرت اور عدم برداشت سے پاکستان کی سلامتی کو لا حق خطرات سے آگاہ کریں گے - اسی طرح تمام تعلیمی اداروں میں ڈینگی کے خلاف آگاہی کے سلسلے میں مختص زیروپیریڈ کے دوران ہفتے کے تین دن مقامی مذہبی سکالرز اور روشن ضمیر علمائے کرام سٹوڈنٹس کو انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف قرآن وسنت کی روشنی میں خصوصی لیکچر بھی دیں گے ۔

رانا مشہود احمد خاں نے بتایا کہ 16جنوری کو آرمی پبلک سکول پشاور کے150 سٹوڈنٹس کی شہادت کو ایک ماہ مکمل ہو جائے گا -اس موقع پر یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہورکے آڈیٹوریم میں ایک خصوصی تقریب منعقد کی جائے گی جس میں اس عزم کا اعادہ کیا جائے گا کہ ہم دہشت گردوں کے ہاتھوں علم کی شمع کو بجھنے نہیں دیں گے -انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کو 16 دسمبر کا دن کبھی نہیں بھولنا چاہیے تا کہ ہمارے معاشرے میں نفرتوں کے جو بیج بوئے جا چکے ہیں ، انہیں قد آور درخت بننے سے پہلے ہی جڑ سے اکھاڑنے کا جذبہ برقرار رکھا جاسکے،میڈیا سے گفتگو کے دوران رانا مشہود احمد خاں نے ایک سوال کے جواب میں عمران خان کی جانب سے ”دھرنا کنونشن“کے ارادے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اب یہ فیصلہ قوم نے کرنا ہے کہ 150 معصوم بچوں کی قربانی بھی اگر اس قوم کو اکٹھا نہیں کر سکتی تو دنیا ہمیں کس طرح ایک متحد قوم کے طور پر عزت دے گی۔

انہوں نے کہا کہ مسائل کا حل پارلیمنٹ کے اندر ڈھونڈا جائے ورنہ اپنی سیاسی دکان چمکانے والے سیاسی دکانداروں کا احتساب عوام خود کر لیں گے ۔

متعلقہ عنوان :