فرانسیسی ایک جریدے میں گستاخانہ خاکے چھاپے کے خلاف 16جنوری کو ملک بھر میں یوم احتجاج کا اعلان،سراج الحق

جمعرات 15 جنوری 2015 23:32

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15جنوری2015ء) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے فرانس کے ایک جریدے میں حضور اکرم ﷺ کی شان میں گستاخانہ کارٹون کی اشاعت کے خلاف 16جنوری بروز جمعہ ملک بھر میں یوم احتجاج کے طور پر منانے کا اعلان کیا ہے۔ یہ اعلان انہوں نے جمعرات کے روز المرکز اسلامی میں جماعت اسلامی کی صوبائی مجلس شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اجلاس کی صدارت جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے امیر پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کی ۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ جمعہ کے روز ملک بھر کے عوام کو سڑکوں پر آکر اس عزم کااظہار کرنا چاہئے کہ حرمت رسول ﷺ کے لئے وہ کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ صوبائی مجلس شوریٰ کے ارکان سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی پُر امن آئینی اور جمہوری ذرائع سے ملک میں تبدیلی اور انقلاب پر یقین رکھتی ہے بلکہ مینار پاکستان لاہور میں نومبر میں ہونے والے اجتماع میں بیرون ممالک سے آئے ہوئے اسلامی تحریکوں کے مندوبین کی بھی یہ متفقہ رائے تھی کہ دنیا بھر میں اسلامی تحریکوں کو اپنے مقاصد کے حصول کے لئے پُر امن آئینی اور جمہوری ذرائع اختیار کرنا چاہئیں اور خفیہ اور زیر زمین سرگرمیوں سے اجتناب کرنا چاہئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ محلاتی سازشوں اور شارٹ کٹ طریقوں سے جو تبدیلی آتی ہے وہ نہ تو پائدار ہوتی ہے اور نہ ہی اسے مطلوبہ عوامی حمایت حاصل ہوتی ہے۔ پُر امن جمہوری اور آئینی ذرائع سے بھر پور عوامی حمایت کے حصول کے ذریعے تبدیلی کے لئے جدوجہد یقینا صبر آزما کام ہے لیکن جو تبدیلی بھر پور عوامی حمایت اور پُرامن جمہوری ذرائع سے آتی ہے وہ پائدار ہوتی ہے اور اسے اپنے مطلوبہ مقاصدکے حصول کے لئے عوامی حمایت بھی حاصل ہوتی ہے ۔

سراج الحق نے کہا کہ آرمی پبلک سکول پشاور میں ہونے والے اندوہناک سانحے نے ملک بھر کے عوام کے دل چھلنی کردئے ہیں لیکن اللہ تعالیٰ کا فضل ہے کہ پشاور اور صوبے بھر میں تعلیمی سرگرمیوں میں تعلیمی سرگرمیوں کا دوبارہ آغاز ہوگیا ہے۔ پشاور شہر بہادروں کا شہر ہے اور دنیا کی کوئی طاقت ان کے عزم و ہمت کو شکست نہیں دے سکتی ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک نظریاتی مملکت ہے اور 21نومبر کو مینار پاکستان لاہور سے جماعت اسلامی نے تحریک پاکستان کے مقاصد کے حصول کے لئے جدوجہد کا ازسر نو آغاز کیا ہے۔

اس میں مزید تیزی لائی جائے گی۔ کوئی بھی تحریک نوجوانوں اور خواتین کی بھر پور شرکت کے بغیر اپنے مقاصد حاصل نہیں کرسکتی ۔ جماعت اسلامی کی ہر سطح کے نظم کو چاہئے کہ وہ زیادہ سے زیادہ نوجوانوں اور خواتین کو تحریک کا حصہ بنانے کے لئے لائحہ عمل بنائیں۔ اجلاس سے امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا پروفیسر محمد ابراہیم خان نے بھی خطاب کیا۔۔