وزیراعظم اور آرمی چیف سے ایم کیو ایم کے کارکنوں کے ماورائے عدالت قتل کے واقعات کا نوٹس لینے کا مطالبہ،

کراچی میں سندھ حکومت کی ایماء پر دہشت گردی جاری ہے‘ مختلف کالعدم تنظیمیں صوبائی حکومت کی سرپرستی میں ٹارگٹ کلنگ کر رہی ہیں،عبدالرشید گوڈیل کیمیڈیا سے گفتگو

بدھ 14 جنوری 2015 23:37

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14جنوری2015ء) متحدہ قومی موومنٹ کے قومی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر عبدالرشید گوڈیل نے وزیراعظم اور آرمی چیف سے ایم کیو ایم کے کارکنوں کے ماورائے عدالت قتل کے واقعات کا نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی میں سندھ حکومت کی ایماء پر دہشت گردی جاری ہے‘ مختلف کالعدم تنظیمیں صوبائی حکومت کی سرپرستی میں ایم کیو ایم کے اراکین کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنا رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی محمد اقبال‘ سید آصف حسنین اور دیگر بھی ہمراہ تھے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم نے دہشتگردی کے خلاف آئینی ترامیم میں حکومت کا بھرپور ساتھ دیا لیکن ہمارے خلاف انتقامی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے اور مزموم مقاصد کے حصول کے لئے ہمیں دیوار کے ساتھ لگایا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

ہمارے کارکن کو آئے روز ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنا کر ہمیں مجبور کیا جا رہا ہے کہ ہم بھی ہتھیار اٹھا لیں۔ ہمارے کارکن اشرف اور عبدالرحمان شہید کر دیئے گئے۔ احتجاج کے لئے ہم وزیراعلیٰ ہاؤس کے باہر پہنچے لیکن حکومتی بے حسی کی انتہا تھی کہ کوئی بھی حکومتی رکن ہمارے پاس نہیں آیا اور نہ ہی ہماری داد رسی کی انہوں نے وزیر اعظم اور آرمی چیف سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایم کیو ایم کے کارکنوں کے ماورائے عدالت قتل کا نوٹس لیں اور ہمیں انصاف دلایا جائے۔