چشتیاں ، 40روپے گھنٹہ پر زناء کاری کی فلمیں دکھانے والے نیٹ کلبوں کے خلاف سٹی پولیس کا آپریشن ،

۔چار مالکان کے علاوہ سکول کالج ٹائم کے دوران بلیو فلمیں دیکھنے والے 10طالب علموں کو گرفتار

منگل 13 جنوری 2015 23:33

چشتیاں(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13جنوری2015ء) چشتیاں میں 40روپے گھنٹہ پر زناء کاری کی فلمیں دکھانے والے نیٹ کلبوں کے خلاف سٹی پولیس کا آپریشن ۔چار مالکان کے علاوہ سکول کالج ٹائم کے دوران بلیو فلمیں دیکھنے والے 10طالب علموں کو گرفتار کرلیا اور متعلقہ کمپیوٹر وغیرہ قبضہ میں لے لئے ۔ پولیس چھاپہ کی اطلاع ملنے پر شہر کے مختلف علاقوں میں دیگر دس نیٹ کلبوں کے مالکان اپنے حرام کاری کے اڈے بند کرکے فرار ہوگئے ۔

چشتیاں کے شہریوں کی جانب سے پولیس اقدامات کا خیر مقدم اور ضلعی انتظامیہ و پولیس افران سے نیٹ کلبوں میں لکڑی کے کیبنوں کو فوری ختم کرانے کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔ تھانہ سٹی چشتیاں کے انسپکٹر چوہدری شفاقت علی ڈھلوں نے میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ شہریوں کی شکایت پر کہ نیٹ کلبوں میں طالب علموں اور دیگر بچوں کو زناء کاری کی فلمیں دکھا کر ان کا مستقبل اور اخلاق وکردارتباہ کرنے کا مذموم دھندہ جاری ہے اور زناء کاری کی فلمیں کلبوں کے اندر لکڑی کے کیبنوں میں دکھائی جارہی ہیں چنانچہ پولیس نے محلہ ای بلاک دفتر بلدیہ کے قریب گلی میں قائم ہارون نیٹ کیفے اور وسیم نیٹ کیفے پر چھاپہ مارا جہاں نیٹ کیفے مالکان محمد عمر ولد خالد محمود پٹھان ، جمشید ولد محمد اکرم ،وسیم ولد ظفر اقبال اور صغیر ولد خالد بھٹی کلبوں کے اندر 40روپے گھنٹہ پر اخلاق باختہ فوٹو اور زناء کاری کی فلمیں دکھانے میں مصروف تھے جبکہ مختلف سکول، کالجز کے طلباء عاقب اقبال ،رضوان قریشی ، حبیب، ایاز ،محمد الیاس ،محمد سلطان ،اسامہ بشیر ،محمدعمر ، نوید، نواز وغیرہ لکڑی کے کیبنوں کی کنڈی لگا کربلیو فلمیں دیکھنے میں مصروف تھے ۔

(جاری ہے)

پولیس نے طلباء کے والدین کو تھانہ میں بلا کر اپنے بچوں پر توجہ نہ دینے کی سخت باز پرس کی اور معافی مانگنے پر بچوں کو رہا کردیا ۔چشتیاں پولیس نے نیٹ کلبوں کے مالکان کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر لکڑی کیبن ختم کرکے مہذب اور شریفانہ طریقے سے کاروبار کریں ۔آئندہ زنا کاری کی فلمیں دکھانے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔پولیس نے زیردفعہ 18-293پکچر موشن ایکٹ کے تحت چار افراد کے خلاف دو الگ الگ مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے ۔

متعلقہ عنوان :