اوباما کی بھارت آمد، 150 سے زائد پاکستانی زائرین کے ویزے منسوخ

اتوار 11 جنوری 2015 11:38

اوباما کی بھارت آمد، 150 سے زائد پاکستانی زائرین کے ویزے منسوخ

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔11جنوری۔2015ء) بھارت نے 150 سے زائد پاکستانی زائرین کے ویزے منسوخ کردئیے جنہوں نے آگرہ میں حافظ عبداللہ شہاب رحمتہ اللہ کے سالانہ عرس میں شرکت کرنا تھی۔ بھارتی اخبار”ٹائمز آف انڈیا‘‘کے مطابق بھارت کی ایک مقامی انٹیلی جنس یونٹ (لیو) نے150 سے زائد پاکستانی زائرین کے ویزے کی منسوخی کی درخواست کی ہے۔

یہ قدم امریکی صدر باراک اوباما کے دورے کے دوران سیکورٹی کو یقینی بنانے کے لئے اٹھایا گیا ۔پاکستانی زائرین کی ایک بڑی تعداد نے بھارت کے شہر آگرہ میں روئی کی منڈی کے مقام پر حافظ عبداللہ شہاب کے سالانہ عرس میںشرکت کرنا تھی۔رواں برس بھارت کے یوم جمہوریہ کی تقریب میں اوباما مہمان خصوصی ہیں اور تاج محل دیکھنے کے لئے آگرہ کا دورہ کرسکتے ہیں ۔

(جاری ہے)

انٹیلی جنس یونٹس کے اعلیٰ حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان سے تعلق رکھنے والے زائرین کی بڑی تعداد ہونے کی وجہ سے سیکورٹی کے جامع انتظامات کی ضرورت پڑے گی۔عرس کے موقع پر بڑی تعداد میں سیکورٹی چاہیے اور اور اس کے ساتھ وی وی آئی پی کے دورے کے لئے بھی پولیس فورس مختص ہوگی۔ایس ایس پی آگرہ مودک راجیش دنیش راؤکا کہنا ہے کہ اوباما کا دورہ شیڈو ل ہے اور عرس کے زائرین کے لئے بھی سخت سیکورٹی ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ ہم ایسے مذہبی اجتماعات کے موقع پر کوئی خطرہ مول نہیں لے سکتے۔ اسی وجہ سے ہم پاکستانی زائرین کے ویزوں کی منسوخی کا آغاز کیا ہے ۔تاہم انہوں نے اس پر افسوس کا اظہار کیا کہ رواں برس پاکستانی زائرین عرس میں شریک نہیں ہو سکیں گے۔درگاہ کے منیجر کا کہنا ہے عرس کے موقع پر وسیع انتظامات کیے گئے ،ہر سال پاکستان،دبئی اور دیگر ممالک سے پانچ سو سے زائد زائرین عرس میں شرکت کرتے ہیں ۔

ان کا کہنا ہے ہمیں مایوسی ہوئی کہ رواں سال عرس پر پاکستانی زائرین کی شرکت متوقع نہیں۔رپورٹ کے مطابق عرس صوفی بزرگ حافظ عبداللہ شہاب رحمتہ اللہ کی برسی کی یاد میں منایا جاتا ہے۔ عرس کی تقریبات 24 سے 26. جنوری تک جاری رہیں گی۔درگاہ 300 سال سے زیادہ پرانی ہے۔1974 کے دوطرفہ مذہبی مزاروں پر حاضری کے پروٹوکول کے تحت بھارت اور پاکستان کے شہری ایک دوسرے ملک کے مذہبی مقامات کا دورہ کرتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :