وزیر اعلی کے پی کے پرویز خٹک کا مردان ٹول پلازہ ختم کرنے کا اعلان،

چیف سیکرٹری اور مردان کی ضلعی انتظامیہ کو بھی فوری اقدام کی ہدایت

جمعہ 9 جنوری 2015 23:34

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 09 جنوری 2015ء) خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے اہل مردان کے مطالبے پر مردان رنگ روڈ ٹول پلازہ ختم کرنے کا اعلان کیا ہے انہوں نے اس ضمن میں چیف سیکرٹری اور مردان کی ضلعی انتظامیہ کو بھی فوری اقدام کی ہدایت کی ہے یہ اعلان انہوں نے صوبائی وزیر تعلیم محمد عاطف خان اور وزیراعلیٰ کے مشیر برائے ثقافت زاہد درانی کی زیرقیادت اہل مردان کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا جنہوں نے بتایا کہ رنگ روڈ پر پختونخوا ہائی وے اتھارٹی کا قائم کردہ ٹول پلازہ بلاجواز ہے کیونکہ اس سے تجارتی سامان پر ٹیکس وصولی کی بجائے براہ راست مردان کے عام باشندے متاثر ہو رہے ہیں زاہد درانی نے بتایا کہ موضع طورو کے قریب قائم یہ ٹول پلازہ انکے حلقہ نیابت میں آتا ہے اور اس حلقے کے ہرپانچوے شہری کو روزانہ آمد و رفت پر ٹیکس بھرنا پڑتا ہے جو قرین انصاف نہیں جس کا نوٹس لیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے یہ ٹول پلازہ فوری ختم کرنے کی ہدایت کی اور واضح کیا کہ پی ٹی آئی کی اتحادی حکومت اپنے غریب عوام پر ٹیکس کا بوجھ بڑھانے کی بجائے اسے کم کرنے آئی ہے اور کسی صورت ایسے کام کی حمایت یا اسے برقرار رکھنے پر اصرار نہیں کرے گی جو شہریوں کی معمولی معاشی مشکلات کا باعث بھی بنے انہوں نے کہا کہ نہ صرف مردان بلکہ پورے صوبے کے عوام یہ تسلی رکھیں کہ پی ٹی آئی کی حکومت ٹیکس بڑھائے گی اور نہ ہی کوئی نیا ٹیکس لگنے دے گی بلکہ ہماری حتی الوسع کوشش ہو گی کہ حکومتی شاہ خرچیاں ختم اور کفایت شعاری کے ٹھوس اقدامات کرکے ٹیکسوں کی شرح میں مسلسل کمی کی جائے تاکہ معاشی زبوں حالی کے شکار ہمارے لوگوں کو سکھ کا سانس لینا بھی نصیب ہو۔

متعلقہ عنوان :