مشرف غداری کیس ، خصوصی عدالت نے کارروائی آگے بڑھانے کی استدعا مسترد کر دی

جمعرات 8 جنوری 2015 14:41

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 08 جنوری 2015ء) پرویز مشرف غداری کیس میں خصوصی عدالت نے صرف پرویز مشرف کیخلاف کارروائی آگے بڑھانے کی استدعا مسترد کر دی۔ جسٹس فیصل عرب نے ریما رکس دیتے ہو ئے کہا کہ ہمارے نزدیک تین نومبر کا اقدام انفرادی نہیں تھا۔ پرویز مشرف غداری کیس کی سماعت خصوصی عدالت میں ہوئی۔ سماعت کے موقع پر عدالت نے صرف پرویز مشرف کیخلاف کارروائی آگے بڑھانے کی استغاثہ کی استدعا مسترد کر دی۔

جسٹس فیصل عرب نے کہا کہ خصوصی عدالت کا اکیس نومبر کو تین افراد کو شریک ملزم ٹھہرانے کا فیصلہ کسی بھی جگہ پر کالعدم قرار نہیں دیا گیا۔ خصوصی عدالت شوکت عزیز ، عبدالحمید ڈوگر اور زاہد حامد کو شریک ملزم بنانے کا کہہ چکی ہے۔ وفاقی حکومت کی رضا مندی سے اسلام آباد ہائیکورٹ نے ہمارے خلاف حکم امتناعی جاری کیا۔

(جاری ہے)

اس پر وکیل استغاثہ طارق حسن نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے خصوصی عدالت کو صرف شریک ملزمان سے متعلق کارروائی سے روکا ہے ، خصوصی عدالت پرویز مشرف کیخلاف کارروائی جاری رکھ سکتی ہے۔

خصوصی عدالت کے جج فیصل عرب نے ریمارکس دئیے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کی گئی درخواستوں کے قابل سماعت ہونے پر بھی فیصلہ ہونا باقی ہے۔ عدالت کے سامنے پیش کیا گیا مواد بتاتا ہے کہ تین نومبر کے اقدام میں ایک سے زائد لوگ شریک تھے۔ پرویز مشرف غداری کیس کی سماعت سترہ فروری تک ملتوی کر دی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :