تعلیمی اداروں کی چھٹیوں میں توسیع کا امکان

پیر 5 جنوری 2015 14:04

تعلیمی اداروں کی چھٹیوں میں توسیع کا امکان

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5جنوری 2015ء) فنڈز کی عدم فراہمی اورسیکیورٹی اقدامات نہ ہونے کی وجہ سے سکولوں کی چھٹیوں میں 31جنوری تک توسیع کا امکان ہے اور سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب نے اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کرلیاہے جبکہ آزاد کشمیر میں بھی سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر نجی و سرکاری تعلیمی ادارے غیرمعینہ مدت کے لیے بند کردیئے گئے ۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کو تعلیمی اداروں کی سیکیورٹی صورتحال سے متعلق ارسال کردہ رپورٹ میں انکشاف ہواہے کہ بیشترسرکاری اداروں میں سیکیورٹی کے لیے اقدامات نہیں کیے جاسکے ، سیکیورٹی اقدامات کے لیے فنڈز کا اجراءنہیں ہوسکا جس کے بعد شہباز شریف نے اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کرلیا جس دوران سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیاجائے گا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق تعلیمی اداروں کی چھٹیوں میں 31جنوری تک توسیع کا امکان ہے اور سیکیورٹی اداروں کی کلیئرنس کے بعد ہی تعلیمی ادارے کھولے جائیں گے ۔ کراچی سمیت سندھ بھر میں بھی سکولوں کی سیکیورٹی کے اقدامات نہیں کیے جاسکے ، بیشترسکولوں کی چار دیواری بھی اونچی نہیں ہوسکی جبکہ آزادکشمیر کے سرکاری ونجی تعلیمی غیرمعینہ مدت کے لیے بندکردیئے گئے ہیں ۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایاکہ سیکیورٹی خدشات کے باعث تعلیمی ادارے بند کیے گئے ہیں ۔