بھارت کی شکر گڑھ سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ ، پانچ سالہ بچہ زخمی

ہفتہ 3 جنوری 2015 10:54

بھارت کی شکر گڑھ سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ ، پانچ سالہ بچہ زخمی

شکر گڑھ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3جنوری 2015ء) بھارتی جنگی جنون کم نہ ہوا ، شکر گڑھ سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری سے پانچ سال کا بچہ زخمی ہوگیا ، چناب رینجرز نے بھارتی فائرنگ پر بھرپور جواب دیا ہے ، رینجرز اہلکاروں کی شہادت پر مشیر خارجہ نے بھارتی وزیر خارجہ کو احتجاجی مراسلہ دیا ہے ۔ بھارت ہٹ دھرمی سے باز نہ آیا ، جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بھارتی فورسز نے رات بھر ورکنگ باؤنڈری پر فائرنگ اور گولہ باری کا سلسلہ جاری رکھا ۔

آج علی الصبح چک بیگا گاؤں ، سکمال ، جگوال اور ننگل گاؤں کی آبادیوں پر بھی فائرنگ اور گولہ باری کی گئی جس کے باعث متعدد گھروں کی چھتوں اور دیواروں کو نقصان پہنچا ۔ چک بیکا گاؤں میں مارٹر گولہ گرنے سے 5 سالہ بچہ مرسلین زخمی ہوگیا ، فائرنگ اور گولہ باری سے متعدد مویشی ہلاک ہوگئے ۔

(جاری ہے)

شدید فائرنگ اور گولہ باری سے علاقہ مکین محصور ہو کر رہ گئے ہیں تاہم چناب رینجرز نے بھرپور جوابی کارروائی کی ۔

اس سے پہلے جمعہ کی رات بھارتی فورسز نے شکر گڑھ کے سرحدی دیہات بڑا بھائی ، چیک بیکا ، ابیال ڈوگر ، جگوال ، ننگل ، بھورے چک ، لمبڑیال ، پنڈی اور سکمال پر فائرنگ کی اور مارٹر گولے برسائے گئے ۔ ظفر وال سیکٹر میں بھی بھارتی فوج کی جانب سے وقفے وقفے سے فائرنگ کی گئی ۔ جمعہ کی رات نو بجے لہڑی سیکٹر میں گاؤں لہڑی کلاں ، ٹانڈا ، تارا پور ، ٹیبا ، جھنگو چک اور چتر پر شدید فائرنگ اور گولہ باری کی ۔ گزشتہ روز بھارتی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ بلایا گیا اور مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا خط ان کے حوالے کیا گیا ۔

متعلقہ عنوان :