سعودی عرب ، پہلی بار 2برطانوی فوجیوں کی حفظ قرآن مقابلے میں شرکت

منگل 30 دسمبر 2014 23:18

سعودی عرب ، پہلی بار 2برطانوی فوجیوں کی حفظ قرآن مقابلے میں شرکت

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30دسمبر۔2014ء) سعودی عرب میں حکومت کے زیراہتمام حفظ قرآن کریم کے ایک عالمی مقابلے میں پہلی مرتبہ دو برطانوی مسلمان فوجیوں کی شرکت کی۔دونوں فوجیوں کو برطانوی محکمہ دفاع کی جانب سے حفظ قرآن پاک کے لیے خصوصی طور پر اس مقابلے میں شامل کیا گیا ۔ حفظ قرآن کریم کا پانچ روزہ شہزادہ سلطان عالمی مقابلہ گذشتہ روز شروع ہوا جس میں سعودی عرب سمیت دنیا کے دیگر ممالک کے شہریوں نے شرکت کی۔

برطانوی وزارت دفاع میں شامل مسلمان امام اور عالم دین عاصم حافظ نے مقابلے میں شرکت کے موقع پر بتایا کہ برطانیہ کی مسلح افواج نے نہ صرف ملک کو متحدہ اور محفوظ رکھنے میں اہم کردار ادا کیا بلکہ فوج میں شامل مسلمان فوجیوں نے اپنے دین کی خدمت میں بھی پیش پیش رہے ہیں۔

(جاری ہے)

برطانوی فوج میں شامل مسلمان اہلکاروں کے لیے حفظ قرآن کریم کے مقابلے میں شمولیت اپنی دینی اقدار کے اظہار کا بہترین موقع ہے۔

انہوں نے کہا کہ برطانوی فوج تمام ادیان کے پیروکاروں کا احترام اور برطانیہ کی تاریخی، ثقافتی اور تہذیبی روایات کے ساتھ اسلام کی درخشاں روایات کا دل وجان سے احترام کرتی ہے۔امام عاصم حافظ نے سعودی عرب کی جانب سے برطانوی فوجیوں کو حفظ قرآن کے مقابلے میں شمولیت کا موقع دینے پر ریاض حکومت کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے سعودی فرمانروا شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کی بین المذاہب ہم آہنگی سے متعلق کوششوں کا بھی خیر مقدم کیا اور امید ظاہر کی سعودی عرب کے مقابلہ حفظ قرآن میں برطانوی فوجیوں کی شمولیت سے دونوں ملکوں کے درمیان ثقافتی اور سفارتی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔

خیال رہے کہ برطانوی فوجیوں کی تعداد میں 2009ءاور 2014ءکے دوران 20 فیصد اضافہ ہوا جس کے بعد فوج میں مسلمان اہلکاروں کی تعداد 600 ہو گئی ہے۔ فوج میں مسلمان فوجیوں کے لیے نماز پنجگانہ، روزوں اور حلال کھانوں کا بھی بھرپور انتظام موجود ہے۔ فوجی بیرکوں میں مسلمان فوجیوں کے لیے نماز کی ادائیگی کے لئے ایک کمرہ مختص کیا جاتا ہے جسے مسجد کا تقدس حاصل ہوتا ہے۔

متعلقہ عنوان :