2015ء میں سپورٹس بورڈ پنجاب قوم کوسپورٹس کے حوالے سے مزید اچھی خبریں دے گا، عثمان انور،کھیلوں کے فروغ کے حوالے سے 2014ء میں بھرپور کام کرکے بہت سی کامیابیاں سمیٹیں، ہماری کارکردگی کو دنیا بھر میں سراہا گیا،کبڈی ورلڈ کپ میں کھلاڑیوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا،مردوں کی ٹیم نے چاندی اور خواتین نے کانسی کے تمغے حاصل کئے،نئے سال میں سکوائش کورٹ، ٹینس کورٹ، بین الاقوامی سوئمنگ پول اور باکسنگ اکیڈمی کا تحفہ دینگے‘ ڈی جی سپورٹس پنجاب کی میڈیا سے گفتگو

منگل 30 دسمبر 2014 21:51

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30دسمبر۔2014ء) ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عثمان انور نے کہا ہے کہ پنجاب یوتھ فیسٹیول کی کامیابی، 28گینز ورلڈ ریکارڈ بنانے اور کبڈی ورلڈ کپ 2014ء میں سلور اور کانسی کے تمغے جیتنے کے بعد سپورٹس بورڈ پنجاب پرعزم ہے کہ 2015میں بھی مزید کامیابیاں حاصل کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عثمان انور نے نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور نے کہا کہ نئے سال 2015ء میں سپورٹس بورڈ پنجاب سپورٹس کے حوالے سے قوم کو مزید اچھی خبریں دے گا۔اس کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے،2014ء کے اختتام پر سپورٹس بورڈ پنجاب کی کامیابیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور نے کہا کہ ہم نے سپورٹس کے حوالے سے 2014ء میں بھرپور کام کیا ہے جس میں ہمارے کھلاڑیوں نے انفرادی اور اجتماعی طور پر قابل قدر کامیابیاں حاصل کی ہیں، ہم نے پنجاب یوتھ فیسٹیول کا کامیاب انعقاد کیا ہے، جس میں ہمارے نوجوانوں نے دو درجن سے زائد گینز ورلڈ ریکارڈ بنائے، ہماری کارکردگی کو دنیا بھر میں سراہا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور نے کہا کہ ملک بھر میں کھیلوں کے فروغ میں سپورٹس بورڈ پنجاب نے اہم کردار ادا کیا ہے جس سے کوئی بھی شخص انکار نہیں کر سکتا، ہمارے نوجوانوں نے نہ صرف ملک میں بلکہ بیرون ممالک میں بھی جا کر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، ہمارے نوجوانوں محمد سعدی اور محمد راشد نے اٹلی کے شہر میلان میں ہونیوالے گینز ورلڈ ریکارڈ شو میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے، پنجاب حکومت کی ہدایات کے مطابق صوبہ بھر میں نوجوانوں کیلئے صحت مند سرگرمیوں کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی قیادت میں پنجاب حکومت کھیلوں کے فروغ کیلئے خصوصی توجہ دے رہی ہے اور وہ وقت دور نہیں جب پاکستان سپورٹس کے حوالے سے دنیا بھر میں پہچانا جائے گا۔

ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور نے کہا کہ حال ہی میں ہونیوالے کبڈی ورلڈ کپ میں پاکستان کی مردوں کی ٹیم نے چاندی اور خواتین کی ٹیم نے کانسی کے تمغے جیتے ہیں، ہماری خواتین کھلاڑیوں نے بہت کم وقت میں یہ کامیابی حاصل کی ہے،چند ماہ قبل ہونیوالی ورلڈ کبڈی لیگ میں بھی ہمارے مرد کھلاڑیوں نے بہت اچھی کارکردگی دکھائی، لیگ کی وجہ سے ہمارے کھلاڑیوں کو بین الاقوامی میچ کھیلنے کا موقع ملا جس کا فائدہ ہمیں کبڈی ورلڈ کپ میں ہوا۔

پنجاب یوتھ فیسٹیول کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور نے کہا کہ بہت سے ممالک نے پنجاب یوتھ فیسٹیول کے پیٹرن کو کاپی کرنے کی کوشش کی جو کہ ہماری بہت بڑی کامیابی ہے حتیٰ کہ بھارت بھی متاثر ہونے سے نہیں رہ سکا، انہوں نے بتایا کہ حال ہی میں وہ جب کبڈی ورلڈ کپ کا فائنل دیکھنے کیلئے بھارت گئے تو بھارتی حکام نے برملا اعتراف کیا کہ ہم نے پنجاب یوتھ فیسٹیول کے پیٹرن کو کاپی کرنے کی کوشش کی مگر ناکام رہے، بھارتی حکام نے درخواست کی اس معاملے میں ہماری رہنمائی کریں۔

ہم نے تین سال پہلے فیسٹیول کا آغاز کیا تو 12لاکھ افراد نے شرکت کی تھی، 2012ء میں شرکاء کی تعداد بڑھ کر 25لاکھ تک پہنچ گئی جبکہ پنجاب یوتھ فیسٹیول 2014ء میں یہ تعداد 40لاکھ تک پہنچ گئی جو کہ ہماری کامیابی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انورنے نئے سال میں سپورٹس کے حوالے مزید کامیابیاں حاصل کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ سال ہم پروفیشنل سپورٹس کو فروغ دیں گے، انتظامی ڈھانچہ بنائیں گے تاکہ پروفیشنل سپورٹس سے بین الاقوامی ایونٹس میں حصہ لیکر پاکستان کیلئے کامیابیاں سمیٹیں، انہوں نے کہا کہ نئے سال میں ہم قوم کو نشتر پارک سپورٹس کپملیکس میں سکوائش کورٹ، ٹینس کورٹ، بین الاقوامی سوئمنگ پول اور باکسنگ اکیڈمی کا تحفہ دیں گے۔