لاہور،آتشزدگی کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والوں کی نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد مقامی قبرستانوں میں تدفین ،نماز جنازہ میں اراکین اسمبلی ، عزیز و اقارب ،تاجروں اور اہل علاقہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی ، جنازے اٹھنے پرکہرام مچ گیا

منگل 30 دسمبر 2014 20:53

لاہور،آتشزدگی کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والوں کی نماز جنازہ کی ادائیگی ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30دسمبر۔2014ء) انار کلی میں واقع خالد پلازہ میں آتشزدگی کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والوں کی نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد مقامی قبرستانوں میں تدفین کر دی گئی ، نماز جنازہ میں اراکین اسمبلی ، عزیز و اقارب ،تاجروں اور اہل علاقہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی ، جنازے اٹھنے پرکہرام مچ گیا اورانتہائی رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے ۔

سوموار کے روز انار کلی کے خالد پلازہ میں آتشزدگی کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے محمد ولید ،شیراز، نعمان خان اورساجد کی اجتماعی نماز جنازہ سنت نگر اسلامپورہ میں ادا کی گئی جس میں مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر و رکن قومی اسمبلی پرویز ملک ‘صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین ، رکن قومی اسمبلی وحید عالم سمیت جاں بحق ہونیوالوں کے عزیز وا قارب‘ تاجروں اور اہل علاقہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

دو سگے بھائیوں ‘ اعظم ‘ عارف اور اقبال جاوید کی نماز جنازہ میانی صاحب قبرستان کی جناز گاہ میں ادا کی گئی جس میں عزیز و اقارب ‘ تاجروں اور اہل علاقہ کی کثیر تعداد شریک ہوئے ۔ محمد اشرف کی نماز جنازہ چائنہ سکیم میں ادا کی گئی جس میں (ن) لیگ کے رکن قومی اسمبلی پرویز ملک ‘ وائس چیئرمین و رکن پنجاب اسمبلی چوہدری شہباز شریف مرحوم کے عزیز و اقارب ،تاجروں اوراہل علاقہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد مختلف قبرستانوں میں تدفین کر دی گئی ۔ جنازے اٹھنے پر گھروں میں کہرام مچ گیا اور اہل خانہ دھاڑیں مار مار کر روتے رہے جس سے انتہائی رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے ۔ رسم قل آج بدھ کو مختلف مقامات پر ادا کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :