تاجر برادری ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں ،ملکی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہو رہے ہیں‘ چوہدری محمد سرور، جی ایس پی پلس سٹیٹس ملنے کے بعد یورپی منڈیوں میں ہماری برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے‘گورنر پنجاب

منگل 30 دسمبر 2014 20:01

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30دسمبر۔2014ء) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ ا نسان نے محض بے پناہ دولت یا بڑے بڑے عہدوں کی وجہ سے تاریخ میں نام نہیں بنایا بلکہ انسانی دلوں اور ذہنوں کو اُن لوگوں نے مسخر کیا جنہوں نے انسانیت کی خدمت کو اپنا نصب العین بناتے ہوئے حق و انصاف کے ساتھ ساتھ مجبور و ناتواں انسانوں کی دلجوئی کی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں الخیر فائیو سٹار فوم کی نئی آؤٹ پٹ کے افتتاخ کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔گورنر پنجاب نے کہا کہ معاشرے کی اصلاح اور عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لئے ہمیں متحد ہو کر کام کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ملک کی ایک بہت بڑی آبادی پینے کے صاف پانی سے محروم ہے اور 80فیصد بیماریوں کی وجہ بھی یہی ہے کہ عوام کو پینے کا صاف پانی میسر نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صوبے میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے فلٹریشن پلانٹ نصب کرنے کا منصوبہ کامیابی سے جاری ہے جس کا دائرہ کار ملک کے دوسرے علاقوں تک بڑھایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری تاجر برادری خدمت خلق کے جذبے سے سرشار ہے اور ہم چاہیں گے کہ تاجر برداری کے ساتھ ساتھ صاحب ثروت لوگ بھی عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی میں حکومت کی مدد کرے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ تاجر برادری ہمارے ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں جو ملک میں توانائی کے بحران، دہشت گردی اور انتہا پسندی جیسے نامساعد حالات کے باوجود صنعت کا پہیہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان حالات میں تاجر برادری کی کوششیں لائق تحسین ہیں جس کے نتیجے میں لاکھوں لوگوں کو روزگار میسر آرہا ہے اور ملکی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔

گورنر نے کہا کہ جی ایس پی پلس سٹیٹس ملنے کے بعد یورپی منڈیوں میں ہماری برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج وہی قومیں عالمی اور سیاسی میدان میں نمایاں مقام حاصل سکتی ہیں جو معاشی اور اقتصادی لحاظ سے مضبوط ہوں۔دریں اثنا،ئگورنر پنجاب چوہدری محمد سرورنے لاہور پریس کلب کے سالانہ انتخابات میں جرنلسٹ پینل کی مسلسل تیسری شاندار جیت پر صدر ارشد انصاری ، نائب صدرندیم بسرا، جنرل سیکرٹری افضال طالب ، جوائنٹ سیکرٹری صائمہ وڑائچ، خزانچی شاداب ریاض اور پینل کے دیگر عہدیداران کو مبارک باد دی ہے اور توقع ظاہر کی ہے کہ وہ ذمہ دارانہ صحافت اور صحافتی برادری کی خدمت کے لئے اپنی پالیسیوں کو ہمیشہ جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی سلامتی اوردہشتگردی کے خاتمے کے لئے ریاست کے دیگر اداروں کے ساتھ ساتھ صحافی حضرات کے کندھوں پر بھی بھاری ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں اور ہم امید کرتے ہیں کہ ریاست کا یہ چوتھا ستون اپنے فرائض کو جذبہ حب ا لوطنی کو مد نظر رکھتے ہوئے پورا کرتا رہے گا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ہمیں ایک مثبت سوچ پر عمل پیرا ہوکر وطن عزیز کی ترقی اور خوشحالی کے لئے کام کرنا ہوگا۔ آج دُنیا میں جو تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں اور جو انقلابات برپا ہورہے ہیں ان کے پیچھے میڈیا کا کردار سب سے نمایاں ہے۔

متعلقہ عنوان :