ظالم کو ظالم کہا جائے، طالبان آ ج کے دور کے ’ظالمان‘ ہیں: الطاف حسین

منگل 30 دسمبر 2014 19:13

ظالم کو ظالم کہا جائے، طالبان آ ج کے دور کے ’ظالمان‘ ہیں: الطاف حسین

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30دسمبر۔2014ء) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ پاکستان میں لوگوں کے بچوں کو قتل کرنے والے طالبان کو کوئی دہشتگرد قرار نہیں دیتا، ہمیں اسلامی تعلیمات کی روشنی میں ظالم کو ظالم کہنا چاہئے، طلبان آ ج کے دور کے ظالمان اور خوارج ہیں یہ مسلمان نہیں ہو سکتے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایم کیو ایم کے زیر انتظام ہونے والی علامءاور مشائخ کانفرنس سے خطاب میں کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پوری قوم کو طالبان کی کھل کر مخالفت کرنی چاہئے اور اللہ ، نبی ﷺ کا پیغام عام کرنا چاہئے، ہماری تباہی کاکی وجہ ہی ان تعلیمات پر عمل نہ کرنا ہے مگر ہم معصوموں کے قتل پر آواز اٹھا کر امن کا پیغام دے سکتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہماری قوم کمزور ہے اور آپس میں اختلافات بھی ہیں، ایک اللہ کو ماننے والی قوم آج تقسیم ہو چکی ہے اور طالبان سے لڑنہیں سکتی تو کم از کم ان کو ظالم تو کہے۔

(جاری ہے)

قائد متحدہ کا کہنا تھا کہ اللہ کا شکر ہے ٹمبر مارکیٹ میں آتشزدگی کے واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ورنہ مزید معصوموں کا خون ضائع ہو جاتا۔ انہوں نے شرکاءکو بتایا کہ آگ لگنے والی رات وہ جاگتے رہے اور ہر لمحہ صورتحال کی معلومات لیتے رہے۔ تقریب سے خطاب میں متعدد علماءنے بھی اظہار خیال کرتے ہوئے دہشتگردی کی بھر پور مذمت کی۔