ایف پی سی سی آئی کے الیکشن میں یونائیٹڈ بزنس گروپ کو کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہیں، مزمل صابری

یونائیٹڈ بزنس گروپ نے ملک کی تاجر برادری کی سیاست میں میرٹ کا نظام اور صحیح جمہوری کلچر کو متعارف کرایا

منگل 30 دسمبر 2014 17:33

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین۔ 30دسمبر 2014ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر مزمل حسین صابری نے یونائیٹڈ بزنس گروپ کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر، چیئرمین افتخار علی ملک اور نومنتخب صدر ایف پی سی سی آئی میاں محمد ادریس کو فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے انتخابات برائے 2015 میں بزنس پینل گروپ کے مقابلے میں واضع اکثریت سے کامیابی حاصل کرنے پر مبارک باد پیش کی اور اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

انہوں نے کہا کہ یونائیٹڈ بزنس گروپ نے ملک کی تاجر برادری کی سیاست میں ایک میرٹ کا نظام اور صحیح جمہوری کلچر کو متعارف کرایا ہے اور اس امید کا اظہار کیا کہ مذکورہ گروپ ایف پی سی سی آئی کی قیادت کیلئے اہل بزنس رہنماؤں کو سامنے لائے گا جو تاجر برادری کے مفادات کا بہتر تحفظ کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ایس ایم منیر اور میاں افتخار علی کی طرف سے میاں محمد ادریس جیسے ممتاز تاجر رہنما کو ایف پی سی سی آئی کی صدارت کیلئے نامزد کرنے کے فیصلے کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ میاں محمد ادریس کی قیادت میں فیڈریشن ایک مضبوط ادارے کے طور پر پاکستان کے کاروباری و اقتصادی مفادات کے فروغ کیلئے کام کرے گی ۔

انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری تاجر برادری کے مسائل کو حل کرنے اور ان کے مفادات کے تحفظ کیلئے کی جانی والی کوششوں میں ایف پی سی سی آئی کی نومنتخب قیادت اور یونائیٹڈ بزنس گروپ کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھے گا۔آئی سی سی آئی فاؤنڈر گروپ کے چیئرمین عبدالرؤف نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی کے الیکشن میں یونائیٹڈ بزنس گروپ کی فتح دراصل تاجر برادری میں جمہوری قوتوں کی فتح ہے۔

انہوں نے ایس ایم منیر اور افتخار علی ملک کی طرف سے یونائیٹڈ بزنس گروپ کی تشکیل کو ایک دانشمندانہ فیصلہ قرار دیا جس نے معرض وجود میں آنے کے بعد ایف پی سی سی آئی کے انتخابات میں اجارہ داری کا خاتمہ کر دیا ہے اور تاجر برادری کو یہ موقع فراہم کیا ہے کہ وہ جمہوری طریقے سے اپنے ووٹ کی طاقت استعمال کر کے ایف پی سی سی آئی کی قیادت کا انتخاب کریں۔

انہوں نے میاں محمد ادریس کو ایف پی سی سی آئی کا صدر منتخب ہونے اور یونائیٹڈ بزنس گروپ کو فیڈریشن کے انتخابات میں اکثریتی کامیابی حاصل کرنے پر مبارک باد پیش کی اور کہا کہ یونائیٹڈ بزنس گروپ کی ایف پی سی سی آئی کے الیکشن میں کامیابی تاجر برادری کی طرف سے ایس ایم منیر اور افتخار علی ملک کی قائدانہ صلاحیتوں پر بھرپور اعتماد کا اظہار ہے جنہوں نے بزنس کمیونٹی کی بہتری کیلئے انمول خدمات سرانجام دی ہیں۔

انہوں نے کہا اس موقع پر تاجر برادری ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر اور اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹر ی کے سابق صدر منور مغل مرحوم کی کمی کو شدت سے محسوس کر رہی ہے جنہوں نے یونائیٹڈ بزنس گروپ کی تشکیل میں کلیدی کردار ادا کیا۔ تاہم انہوں نے کہا کہ گروپ کی موجودہ کامیابی سے ان کی روح کو تسکین پہنچے گی۔

متعلقہ عنوان :