میکسیکو میں خاتون بل فائٹر بھینسے کے عتاب کا شکار ہوکر آئی سی یو منتقل،

خاتون کھلاڑی کی مدد کیلئے جب ان کا اسسٹنٹ آگے بڑھا تو بھینسے نے اسے بھی اٹھا کر زمین پر پٹخ دیا

منگل 30 دسمبر 2014 14:29

میکسیکو سٹی( اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 30دسمبر 2014ء ) عام طور پر تصور تو یہ ہی ہے کہ بل فائٹنگ صرف مردوں کا کھیل ہے لیکن آپ کو یہ سن کر حیرت ہوگی کی عورتیں بھی اس خونی کھیل کا حصہ بننے سے پیچھے نہیں اور میکسیکو میں ایک خاتون بل فائٹر کو یہ کچھ مہنگا پڑ گیا جب بھینسا شدید غصے میں آگیا اور اس نے خاتون کھلاڑی کو دو دفعہ اپنی ٹکر سے فضا میں اچھال دیا جس سے وہ شدید زخمی ہوگئی۔

میکسیکو میں دنیا کے سب سے بڑے بل فائٹنگ رنگ پلازہ میں بل فائٹنگ جاری تھی اورخواتین کھلاڑی اپنے جوہر سے شائقین کو محظوظ کر رہی تھیں کہ اسی دوران میکسیکو کی مشہور خاتون بل فائٹر مس ڈی لوس اینجلز میدان میں اتریں۔ ڈی لوس نے آغاز میں تو بھینسے کو خوب تنگ کیا اور اپنی صلاحیتوں سے لوگوں سے داد وصول کی لیکن ایک وار کے دوران وہ ذرا سی چوک گئیں اور بھینسے کے لیے اتنا کافی تھا پھر کیا تھا بھینسے نے انہیں اٹھایا اور زمین پر دے مارا لیکن ڈی لوس نے ہمت نہیں ہاری اور ایک بار پھر 495 کلو گرام وزنی بھینسے کو مارنے کے لیے آگے بڑھیں لیکن اس بار بھی ان کا حملہ ناکام ہوگیا اور بھینسے نے انہیں دوبارہ اٹھا کر زمین پر پٹخ دیا۔

(جاری ہے)

اسی دوران ان کی مدد کے لے ان کا اسسٹنٹ آگے بڑھا لیکن بھینسے نے اسے بھی نہیں بخشا اور اٹھا کر زمین پر دے مارا اور اس نے یہیں بس نہیں کیا بلکہ ایک تماشائی بھی اس کے عتاب کا شکارہو کر زخمی ہوگیا۔مس ڈی لوس کو فوری اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹر نے بتایا کہ مس لوس کی ران پر 12 سینٹی میٹرزخم جب کہ کمر کے نچلے حصے میں بھی شدید چوٹ آئی ہے جس کے باعث انہیں انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں رکھا گیا ہے۔