تمام انتظامی محکمے ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کریں،وزیر اعلی سندھ،

رواں مالی سال کے آخر تک 695مختلف ترقیاتی منصوبوں کو مکمل کرکے عوامی امنگوں کے عین مطابق واضع خدمات کی فراہمی کو کسی بھی حال میں یقینی بنائیں،ہدایت

پیر 29 دسمبر 2014 22:38

کراچی( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29دسمبر 2014ء) وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے تمام انتظامی محکموں کو ہدایات دیں ہیں کہ وہ ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کرتے ہوئے رواں مالی سال کے آخر تک 695مختلف ترقیاتی منصوبوں کو مکمل کرکے عوامی امنگوں کے عین مطابق واضع خدمات کی فراہمی کو کسی بھی حال میں یقینی بنائیں ۔ انہوں نے محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کو حکم دیا کہ چونکہ تا حال محکمہ کی طرف سے 2اقساط میں 48ارب روپے مختلف ترقیاتی منصوبوں کی مد میں جاری ہوئے ہیں تو اب اس حوالے سے محکمہ دو ہفتوں کے اندر ترقیاتی کاموں پر فنڈ کے استعمال کی رفتار کا سروے کرکے رپورٹ جمع کروائے۔

یہ احکامات انہوں نے پیر کے روز وزیراعلیٰ ہاؤس میں سندھ حکومت کی طرف سے ADP 2014-15کے تحت جاری ترقیاتی کاموں کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے دیئے ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں وزیرخزانہ سید مراد علی شاہ ، ایڈیشنل چیف سیکریٹری منصوبہ بندی و ترقیات محمد وسیم ، وزیراعلیٰ سندھ کے سیکریٹری علم الدین بلو ، سیکریٹری خزانہ سہیل راجپوت اور دیگر افسران نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ مالی سال 2014-15کی ترقیاتی منصوبہ بندی کرتے وقت 379صوبائی اور 164ضلعی اسکیموں کی نشاندہی کی گئی تھی جنکو 100فیصد فنڈز جاری کرتے ہوئے اسی سال میں مکمل کرنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ 379منصوبوں کے لئے مختص کئے گئے 14ارب روپے میں سے اب تک 9ارب روپے ان منصوبوں کو جاری کردئیے گئے ہیں جنہوں نے اپنے گذشتہ فنڈز کی 80فیصد رقم خرچ کرلی ہے۔

جبکہ ضلعی ترقیاتی اسکیموں کے لئے دو اقساط میں 7.5ارب روپے جاری کر دئے گئے ہیں ۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اس کے علاوہ پہلی کیٹیگری کی 152اسکیمیں بھی 8.9ارب روپوں کی ٹوٹل لاگت کے ساتھ رواں مالی سال کے آخر تک مکمل ہوجائینگی جس میں سے 6.2ارب روپے جاری کردئے گئے ہیں۔ اس طرح دوسری کیٹیگری کے 16.6ارب روپوں کی لاگت کے 190منصوبے بھی ہاتھ میں اٹھائے گئے ہیں جن کے لئے بہت جلد فنڈز جاری کردئیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی عوام کو سہولیات کی فراہمی اور پسماندہ علاقوں کی ترقی کے لئے کوشاں ہے۔ انہوں نے اجلاس میں شریک افسران کو بتایا کہ اس مالی سالی میں صوبائی ترقیاتی اسکیموں کے لئے ٹوٹل 143ارب روپے جبکہ ضلعی منصوبوں کے لئے 25ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔ مزید اجلاس کو بتایا گیا کہ پہلی قسط میں 25ارب روپے اور دوسری قسط کی مد میں 23ارب روپے تا حال جاری کردئے گئے ہیں اور یہ مرحلہ اب تک جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعید آباد ۔نوابشاہ روڈ کی تعمیر کے لئے 700ملین روپے جاری کئے گئے ہیں جس سے نہ صرف دونوں شہروں کے درمیان کم وقت میں فاصلہ طے ہوگا بلکہ دوسرے اضلاع کے لوگوں کو بھی فائدہ پہنچے گا۔ تا حل 30ارب روپے ترقیاتی منصوبوں پر خر چ کر دئیے گئے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :