حیدرآباد، صدر اسٹوڈنٹس اسپورٹس ویلفیئر ایسوسی ایشن رضوان احمد کی تعلیمی بورڈ کی لیڈی اسپورٹس آفیسر شاہدہ کے رویوں اوراقرباء پروری کی بھر پور مذمت

پیر 29 دسمبر 2014 22:02

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29دسمبر 2014ء) اسٹوڈنٹس اسپورٹس ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر رضوان احمد ، نائب صدور جاوید علی، محمد سلمان، حنا انصاری ، سیکریٹری آفاق علی ، جوائنٹ سیکریٹری محمد سہیل، انیلہ خان نے تعلیمی بورڈ حیدرآباد کی لیڈی اسپورٹس آفیسر مس شاہدہ کے اسپورٹس دشمن رویوں اوراقرباء پروری کی بھر پور مذمت کی ہے ۔انہوں نے ٹیبل ٹینس ٹورنامنٹ میں ناقص ٹیبل کی فراہمی ، غیر معیاری انتظامات اور من پسند اور خوشامدی اسپورٹس ٹیچرز کو آرگنائزرمقرر کر کے ذاتی فوائد حاصل کرنے کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے چیئرمین بورڈ داؤد میمن ، سیکریٹری عامر شفیق سے اپیل کی ہے کہ وہ ان بے قاعدگیوں کا نوٹس لیں اور نظر ثانی کریں کے سردیوں کی چھٹیوں میں جب کہ کالج بند ہیں اور ملکی حالات بھی ٹھیک نہیں وہاں وہ گرلز ایونٹ کیسے منعقد کرا رہی ہیں، انہوں نے شرکت کرنے والے ان تمام کالجز پر کڑی تنقید کی ہے کہ وہ اس وقت تو ٹیم نہ لاسکے تھے جب بورڈ نے نیٹ بال، والی بال اور ہینڈ بال ٹورنامنٹ منعقد کیے تھے جب کے کالج بھی کھلے ہوئے تھے۔

(جاری ہے)

ایسے ٹیچرز نے پہلے اہل طالبات کو شرکت سے محروم رکھ کر زیادتی کی اور اب چھٹیاں ہونے کے باوجود من پسند کھلاڑیوں کی ٹیم لارہی ہیں کیوں کے ان کھیلوں میں بورڈ کی ٹیمز کو اسلام آباد جانا ہے اوریہ سب اسپورٹس آفیسر مس شاہدہ کے اشاروں پر ہورہا ہے ۔ ٹیبل ٹینس میں تو خود چیئرمین بورڈ ناقص انتظامات پر برہم ہوئے تھے ، اسٹوڈنٹس ویلفیئر ایسوسی ایشن اس بات پر کڑی نظر رکھے گی اور وہ واک اوور دینے والے کالجز کو پکنک ٹورز پر بھیجے جانے پر سراپا احتجاج ہوگی۔

مذکور کالجز نے سردیوں کی چھٹیوں میں ٹیمز لا کر یہ ثابت کیا ہے کہ وہ اپنے مقاصد کے حصول کچھ بھی کرسکتی ہیں ۔ ہم سیکریٹری فضل اللہ سے اپیل کرتے ہیں کہ ان باتوں کی اعلیٰ سطحی انکوائری کی جائے کیوں کہ اصل کھلاڑی تو موجود ہی نہیں ہیں یہ اپنی من پسند کھلاڑیوں کو اسلام آباد لے جانا چاہتے ہیں۔ ہم آخر میں پرنٹ میڈیا اور الیکٹرانک میڈیا سے بھر پور اپیل کرتے ہیں کہ خدارا خود ان معاملات کی تصدیق کریں اور پھر شائع کریں۔