کراچی پولیس کے شہداء ہمارے ہیرو ہیں ۔ہم طرح کے دشمنوں کے مقابلہ کررہے ہیں،ایس ایس پی ایسٹ،

حکومت سندھ نے محکمہ پولیس کی تنخواہیں پنجاب پولیس کے برابر کردی ہیں ،جس پر ہم حکومت کے مشکور ہیں ،پیر محمد شاہ کا تقریب سے خطاب

پیر 29 دسمبر 2014 21:07

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29دسمبر 2014ء) کراچی پولیس کے شہداء ہمارے ہیرو ہیں ۔ہم طرح کے دشمنوں کے مقابلہ کررہے ہیں ۔حکومت سندھ نے محکمہ پولیس کی تنخواہیں پنجاب پولیس کے برابر کردی ہیں ،جس پر ہم حکومت کے مشکور ہیں ۔ان خیالات کا اظہار ایس ایس پی ایسٹ پیر محمد شاہ نے پیر کو پولیس ہیڈکوارٹر سعود آباد کمپلیکس میں پولیس اہلکاروں کے اعزاز میں دیئے گئے بڑے کھانے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ آئی جی سندھ کی کوششوں سے سندھ پولیس کے افسران اور جوانوں کی تنخواہوں میں حکومت سندھ نے اضافہ کردیا ہے ۔سندھ پولیس صلاحیت میں کسی بھی صوبے کی پولیس سے کم نہیں ہے ۔جبکہ سندھ پولیس کے جوانوں نے دیگر صوبوں کی پولیس کے مقابلے میں زیادہ جانی و مالی قربانیاں دی ہیں ۔

(جاری ہے)

دیگر صوبوں کے مقابلے میں تنخواہیں کم ہونے کے باعث اہلکار مایوسی کا شکار ہورہے تھے ،جس کو مدنظر رکھتے ہوئے سندھ حکومت نے پولیس کی تنخواہوں میں اضافہ کرکے ان اہلکاروں کی مایوسی کو خوشی میں بدل دیا ہے ۔

راچی پولیس ہر طرح سے دشمن کا مقابلہ کررہی ہے ۔پولیس کے شہداء ہمارے ہیرو ہیں ۔چوہدری اسلم ،شفیق تنولی ،عامر جمیل ،نذیر خاصخیلی اور طاہر غازی سمیت سیکڑوں افسران و جوانوں نے شہر کے امن کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ۔یہ تنخواہیں ان شہداء کی نعم البدل تو نہیں ہوسکتی ہیں لیکن یہ ایک بڑی کوشش ضرور ہے ۔یہ ایک احسن اقدام ہے ۔شہیدوں کی قربانیاں رنگ لارہی ہیں اور کراچی ایک مرتبہ پھر امن کا گہوارہ بنتا جارہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ 15جنوری 2015سے تنخواہوں میں اضافہ کردیا جائے گا ۔اس موقع پر زون کے پولیس اہلکاروں نے اپنی ذاتی نوعیت کی شکایات بھی ایس ایس پی ایسٹ کے گوش گذار کیں ،جس پر ایس ایس پی پیر محمد شاہ نے پولیس اہلکاروں کو ان شکایات کے ازالے کی یقین دہانی کرائی ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ پنجاب پولیس کے شہداء کے لواحقین کو شہادت پر ایک کروڑ روپے معاوضہ ادا کیا جاتا ہے ۔سندھ پولیس نے بھی حکومت سندھ سے درخواست کی ہے کہ شہداء کے لواحقین کی امدادی رقم بھی پنجاب پولیس کے برابر کی جائے ۔حکومت سندھ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ اس سلسلے میں جلد اقدامات کیے جائیں گے ۔

متعلقہ عنوان :