ٹمبر مارکیٹ میں آگ لگنے کے واقعے کو سیاسی رنگ دینے والے خود بے نقاب ہو چکے ہیں،اعجاز درانی ،

دکاندار اور رہائشی خود اس حقیقت سے واقف ہیں کہ کون ان کے نقصانات پر سیاست کر کے اپنی سیاسی دکان چمکا رہا ہے ،ترجمان بلاول ہاوٴس

پیر 29 دسمبر 2014 21:06

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29دسمبر 2014ء)بلاول ہاس کے ترجمان اعجاز درانی نے کہا ہے کہ ٹمبر مارکیٹ میں آگ لگنے کے واقعے کو سیاسی رنگ دینے والے خود بے نقاب ہو چکے ہیں۔ ٹمبر مارکیٹ کے واقعہ سے متاثر ہونے والے دکاندار اور رہائشی خود اس حقیقت سے واقف ہیں کہ کون ان کے نقصانات پر سیاست کر کے اپنی سیاسی دکان چمکا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار آج اعجاز درانی نے ٹمبر مارکیٹ میں پارٹی کے قائم کردہ کیمپ پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پارٹی کے منتخب رکن قومی اسمبلی شاہجہان بلوچ نے کہا کہ ٹمبر مارکیٹ کے واقعے پر لیاری کے ہر شخص کی آنکھ اشک بار ہے۔ ہماری ہی دوکانیں اور مکان جل گئے اور ہمیں ہی گالیاں دی جا رہی ہیں۔ یہ کون سا انصاف ہے؟ اعجاز درانی نے کہا کہ جب صوبائی حکومت نے اس معاملے پر ایک پوری کمیٹی قائم کر دی ہے تو کسی "بلے اور بلی" کو سیاسی دوکانیں چمکانے کے بجائے صوبائی حکومت سے تعاون کرنا چاہیے۔ اس موقع پر پیپلز یوتھ کراچی ڈویژن کے صدر اقبال ساند، سندھ کونسل کے رکن یوسف ناز و پیپلز پارٹی کے سینکڑوں عہدیداران و کارکنان موجود تھے۔