لاہور، انارکلی بازار کے پلازہ میں آتشزدگی، بچے اور خاتون سمیت 13 افراد جاں بحق، امدادی ٹیموں نے آگ پر قابو پا کر پلازہ کلیئر کرا لیا

پیر 29 دسمبر 2014 20:40

لاہور، انارکلی بازار کے پلازہ میں آتشزدگی، بچے اور خاتون سمیت 13 افراد ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29دسمبر۔2014ء) صوبائی دارالحکومت لاہور کے معروف انارکلی بازار کے ایک پلازہ میں آتشزدگی کے نتیجے میں ایک بچے اور خاتون سمیت 13 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہیں جبکہ کئی افراد پلازہ میں پھنس گئے ہیں جنہیں نکالنے کیلئے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچ گئی ہیں اور آگ بجھانے میں مصروف ہیں جبکہ امدادی ٹیمیں زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر رہی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق انار کلی اور اردو بازار سے ملحقہ الکریم واچ مارکیٹ کے خالد پلازا کی ایک دکان میں آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں ایک خاتون سمیت 13 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں جبکہ متعدد زخمی ہیں جنہیں میو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

میو ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) نے بتایا کہ واقعے میں متاثر ہونے والے10 افراد کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جن میں سے 9 جاں بحق ہو گئے ہیں جبکہ ایک شدید زخمی حالت میں زیر علاج ہے۔

ایم ایس ڈاکٹر امجد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بیشتر افراد جھلسنے جبکہ کچھ افراد دم گھٹنے کے باعث جاں بحق ہوئے جبکہ جاں بحق افراد میں ایک بچہ اور خاتون بھی شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں ولید، شیراز، نعمان خان، ثناءاللہ ، عتیق الرحمان، حاجی اقبال، محمد اعظم اور اعظم علی شامل ہیں۔ ڈی سی او لاہور ڈاکٹر عثمان کا کہنا ہے کہ آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی جبکہ عمارت کے پچھلی طرف کوئی راستہ نہ ہونے کے باعث امدادی کارروائیوں میں تاخیر کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حادثے میں اب تک 13 افراد جاں بحق ہوئے ہیں جبکہ متعدد افراد پلازے میں پھنسے ہیں جنہیں نکالنے کیلئے کوششیں جاری ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے امدادی کاموں کو تیز کرنے اور فوری طور پر رپورٹ پیش کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ زخمیوں کو علاج معالج کی ہر ممکن سہولتیں فراہم کی جائیں۔

وزیراعظم نواز شریف نے بھی انارکلی واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کی ہے۔ انہوں نے صوبائی حکومت کو امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔ یاد رہے گزشتہ تین دنوں میں کسی عمارت میں آگ لگنے کا یہ دوسرا واقعہ ہے اس سے پہلے ہفتے کی رات کراچی کی ٹمبر مارکیٹ میں آگ لگی تھی جس میں بہت مالی نقصان ہوا تھا۔متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے ہلاکتوں پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے آگ لگنے کی تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔ واقعے کے خلاف انجمن تاجران تنظیم سمیت دیگر تنظیموں نے کل یوم سوگ منانے کا اعلان کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :