پاک ایران سرحدی علاقے میں نامعلوم افراد کی ایرانی سیکیورٹی فورس پر فائرنگ، تین اہلکار ہلاک،

ایران کی جانب سے جوابی کارروائی میں پاکستانی علاقے کیچ پر راکٹ داغے گئے،4 شہریوں کے زخمی ہونے کی اطلاع،ڈپٹی کمشنر کیچ کا اظہار لاعلمی

پیر 29 دسمبر 2014 20:32

پاک ایران سرحدی علاقے میں نامعلوم افراد کی ایرانی سیکیورٹی فورس پر ..

کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29دسمبر 2014ء) پاکستانی سرحد سے متعلقہ ایرانی علاقے میں نامعلوم افراد نے ایرانی سیکورٹی فورس پر حملہ کرکے تین اہلکاروں کو ہلاک کردیا ایرانی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے ضلع کیچ کے علاقے پر راکٹ داغے جس سے ایک اطلاع کے مطابق چار پاکستانی زخمی ہوگئے تاہم ڈپٹی کمشنر کیچ نے اس واقعے سے لاعلمی کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ تین افراد کا قتل ایران کے علاقے کے اندر ہوا ہے اور مارٹر گولے بھی بلوچستان کے کسی حصے میں نہیں گرے ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق پیر کی صبح پاکستانی سرحد سے متعلقہ علاقے ایران میں جو سیستان اور بلوچستان کا علاقہ بتایا گیا ہے میں تین افراد کو نامعلوم افراد نے قتل کردیا ہے تینوں افراد کا تعلق ایرانی سیکورٹی فورسز سے بتایا جاتا ہے واقعے کے بعد ایرانی سیکورٹی فورسز نے چار مارٹر گولے ضلع کیچ کے علاقے زامران میں پھینکے جس سے چار افراد زخمی ہوگئے ڈپٹی کمشنر کیچ نے چار افراد کے زخمی ہونے کے بارے میں لاعلمی کااظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ جو تین افراد ہلاک ہوئے ہیں وہ علاقہ ایران کے اندر ہے اور راکٹ بھی تربت یا کیچ کے علاقے میں نہیں گرے تاہم اس بارے میں مزید تحقیقات کی جارہی ہے ۔