عوام کو تحفظ دینا حکومت ،قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی ذمہ داری ہے،ایچ ڈی پی ،

حکومت وعدوں کی پاسداری کرتے ہوئے نفرتوں کا خاتمہ، عوام میں بھائی چارہ، مذہبی یکجہتی ،فرقہ وارانہ ہم آہنگی یقینی بنانے کیلئے فعال کردار ادا کرے، بیان

پیر 29 دسمبر 2014 20:30

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29دسمبر 2014ء) ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے بیان میں کہا گیا کہ بلوچستان کے مخلوط صوبائی حکومت سے امن وامان کے قیام کو یقینی بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت اپنے وعدوں اور دعووٴں کی پاسداری کرتے ہوئے صوبے سے نفرتوں کا خاتمہ کرکے عوام میں بھائی چارہ،مذہبی یکجہتی اور فرقہ وارانہ ہم آھنگی کو یقینی بنانے کیلئے فعال کردار ادا کرے۔

بیان میں کہا گیا کہ اس وقت صوبے میں حکومتی وعدوں کے مطابق امن و امان کی صورتحال اس حد تک بہتر نہیں ہوئی جس کی توقع کی جارہی تھی۔صوبے کے مختلف علاقوں میں مذہبی انتہا پسندوں کی موجودگی اور ان کے نقل و حرکت اور آزادانہ تبلیغات سے واضح ہوتاہے کہ قانون نافذ کرنیوالے ادارے انتہا پسندی کی روک تھام میں مخلص نہیں اور اپنے فرائض کی ادائیگی سے کوتاہی کے مرتکب ہورہے ہیں۔

(جاری ہے)

عوام کو تحفظ دینا حکومت اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی ذمہ داری ہے۔اگر کوئی اپنی ذمہ داریوں کی ادائیگی میں کوتاہی کے مرتکب ہوتے ہیں تو انہیں کسی طرح حق نہیں رہتا کہ وہ کرسیوں پر براجمان رہ کر بڑے بڑے دعوے کریں۔ملک دشمن عناصر آج بھی شہریوں کو آپس میں لڑانے کیلئے صوبے میں آزادی کے ساتھ مذہبی منافرت پر مبنی غلط تبلیغات کرکے پھر سے کوئٹہ شہر کے تاریخی امن کو برباد کرنے کی بھر پور کوشش کر رہے ہیں،جسے روکنا انتظامیہ اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی ذمہ داری ہے۔

اس وقت اس امر کی بھی سخت ضرورت ہے کہ صوبے کے جمہوری سیاسی اور مذہبی پارٹیاں شہر کے پرانی امن اور بھائی چارے کی فضاء کو بر قرار رکھنے کیلئے ایک پیج پر متحد ہوکر اپنی کردار ادا کریں۔بیان میں صوبائی مخلوط حکومت ،انتظامیہ او ر قانون نافذ کرنیوالے اداروں سے توقع ظاہر کی گئی کہ صوبے میں مذہبی منافرت پھیلانے والے عناصر کو لگام دیکر عوام کے درمیان امن،محبت اور بھائی چارے کی فضاء کو بر قرار رکھنے میں ذمہ داریاں ایمانداری سے ادا کریں۔