جماعت اسلامی ملک کی سب سے بڑی حقیقی جمہوری سیاسی قوت ہے ،حافظ نعیم الرحمن،

ربیع الاول کے مہینے میں سیرت النبی کے پیغام کو عام کر نے کے لیے بھر پور مہم چلائی جائے گی، منعم ظفرخان

پیر 29 دسمبر 2014 20:26

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29دسمبر 2014ء) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ ملکی تاریخ بتاتی ہے کہ فوجی عدالتیں اور فوجی آپریشنز کبھی بھی مسئلے کا حل ثابت نہیں ہو سکے ، تاہم سسٹم کو بچانے اور بنیادی آئینی حقوق کی پامالی نہ ہونے کی شرائط پر کڑوا گھونٹ پیا ہے۔پاکستان میں حقیقی اسلامی انقلاب کے لئے جماعت اسلامی کے پاس انتخابات کے سوا کوئی آپشن موجود نہیں۔

اس بات کا اظہار انہوں نے مسجد قبا گلبرگ میں منعقد ہ جماعت اسلامی ضلع وسطی کے اجتماع ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حافظ نعیم الرحمٰن نے کہاکہ جماعت اسلامی ملک کی سب سے بڑی حقیقی جمہوری سیاسی قوت ہے جس کی نمائندگی ملک میں گراس روٹ تک موجود ہے جو عوام کے اندر اسلام سے محبت اور اس کے نظام کی جانب مسلسل آمادہ کر رہا ہے ۔

(جاری ہے)

معاشرے میں موجود تبدیلی کے جائز طریقہ کی موجودگی کو چھوڑا نہیں جا سکتا البتہ اس انتخابی نظام میں موجود خامیوں اور خرابیوں کو دور کرنے کی جدو جہد بھی جاری رہے گی۔

امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہاکہ جماعت اسلامی کی 67سالہ تاریخی جدوجہد نے ایسی کشمکش برپا کی جو جغرافیائی سرحدوں کو توڑتی ہوئی دنیا بھر میں پھیل چکی ہے ۔ آج کے جدید الیکٹرانک میڈیا کے دور میں ہم نے ثابت کیا ہے کہ حالات کے مطابق عوام میں اتر کر اپنا موقف پہنچانے کے لئے کارکن کھڑا ہو جائے تو ہر قسم کے میڈیا کو شکست دے سکتا ہے اور عوام کو اپنا ہم نوا بنا سکتا ہے ۔

قبل ازیں ارکان کے سامنے زونز اور ضلع کی سالانہ کارکردگی رپورٹ پیش کی گئی ۔اجتماع ارکان سے امیر جماعت اسلامی ضلع وسطی منعم ظفر خان نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جماعت اسلامی اقامت دین کی تحریک ہے اس جدو جہد میں کامیابی کے ہم مکلف نہیں ، یہ خالق کائنات کی جانب سے عائد کردہ فریضہ ہے اس میں زندگی لگانا اور جدوجہد کرنا ہی کامیابی کی کنجی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اپنے گھر ، محلہ ، علاقے میں ہر فرد تک اس دعوت کو پہنچانا ہوگا ۔ربیع الاول کے مہینے میں سیرت النبی ﷺ کے پیغام کو عام کرنے اور ملک میں نظام مصطفیٰ ﷺکے قیام کے لئے بھر پور مہم چلائی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :