کراچی، فلاح انسانیت فاؤنڈیشن نے آتشزدگی سے متاثرہ ٹمبرمارکیٹ میں دوسرے روز بھی امدادی سرگرمیاں جاری رکھیں

پیر 29 دسمبر 2014 20:24

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29دسمبر 2014ء) جماعة الدعوة کے رفاہی ادارے فلاح انسانیت فاؤنڈیشن نے آتش زدگی سے متاثرہ ٹمبرمارکیٹ میں دوسرے روز بھی امدادی سرگرمیاں جاری رکھیں۔ متاثرہ مکینوں اور دکانداروں کو تین وقت کا تیار کھانا اور منرل واٹر فراہم کرنے کے علاوہ طبی امدادکی فراہمی کا سلسلہ بھی جاری رہا۔ دوسرے روز بھی جماعة الدعوة کے 250 سے زائد رضاکار امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔

ابتدائی ہنگامی امداد کے بعد متاثرین میں راشن اور ضروریات زندگی کی اشیاء کی تقسیم کے لیے سروے مکمل کر لیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ٹمبرمارکیٹ میں لگائے گئے فلاح انسانیت فاونڈیشن کے میڈیکل کیمپ پر دوسرے روز بھی زخمی و متاثرہ افراد کو طبی امداد کے علاوہ مفت ادویات بھی فراہم کی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

جبکہ سانحہ کے مقام پر چار ایف آئی ایف ایمبولینسیں بھی امدادی سرگرمیوں میں حصہ لے رہی ہیں۔

ٹمبر مارکیٹ میں جماعة الدعوة کے کیمپ انچارج عبدالوحید بندھانی اور عبدالرحمان کاکہنا ہے کہ جماعة الدعوة کے رضاکار وں نے دوسرے روز بھی تین ہزار سے زائد افراد کو تین وقت کا تیار کھانا فراہم کیا ہے۔ جبکہ 250سے زائد رضاکار تجارتی و گھریلو سامان کو دوسری جگہ منتقل کرنے میں لوگوں کی مدد کر رہے ہیں۔ کیمپ انچارج کا کہنا ہے کہ آتش زدگی کے نتیجے میں بجلی گیس اور پانی کی فراہمی کا نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے۔

متاثرہ مکینوں کو کھانے اور پانی کے حصول میں شدید مشکلات درپیش ہیں۔ جماعة الدعوة متاثرین ٹمبرمارکیٹ کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے ترجیحی بنیادوں پر تیارکھانا فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سامان کو نکالنے کی کوشش میں جماعة الدعوة کے کارکن بھی زخمی ہوئے ہیں۔ جبکہ آگ سے جھلس کر زخمی ہونے والے متاثرین کا بھی فلاح انسانیت فاونڈیشن کے کیمپ پر علاج معالجہ کیا جا رہا ہے۔

عبدالوحید بندھانی کا کہنا ہے کہ متاثرہ افراد کا سروے مکمل کر لیا گیا ہے۔ تیار کھانے کے علاوہ عنقریب خشک راشن اور دیگر ضروری اشیاء کی فراہمی کا سلسلہ بھی شروع کر دیا جائے گا۔ سانحہ ٹمبر مارکیٹ کے دوسرے روز جماعة الدعوة کے رہنماوں حافظ کلیم اللہ اور عثمان عسکری نے امدادی کاموں کا جائزہ لینے کے لیے جائے وقوعہ کا دورہ کیا۔اس موقع پر رہنماوں نے نقصانات کا جائزہ لینے کے علاوہ امدادی کاموں میں مصروف کارکنوں کو ہدایات بھی جاری کیں۔

امیر جماعة الدعوة ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی کا کہنا ہے کہ سانحہ ٹمبر مارکیٹ پوری قومی کے لیے انتہائی دردناک حادثہ ہے۔ جماعة الدعوة متاثرہ افراد کے درد کو اپنا درد سمجھتی ہے۔ متاثرین کی ہنگامی بنیادوں پر امداد کے علاوہ انہیں ماہانہ خشک راشن بھی فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سانحہ ٹمبرمارکیٹ کی مکمل بحالی تک ہم اپنی امدادی سرگرمیاں جاری رکھیں گے۔

متعلقہ عنوان :