سیرت نبویﷺ سے رہنمائی نہ لینے کی وجہ سے سانحہ پشاور جیسے واقعات رونما ہو رہے ہیں،حافظ مسعود کمال الدین ،

مسلم ملکوں اور معاشروں میں بم دھماکے اور قتل و غارت گری دشمن قوتوں کا ایجنڈا ہے۔،حکمران سیاسی، معاشی و معاشرتی نظاموں کے لیے مغرب کی بجائے سیرت النبیﷺ سے رجوع کریں،رہنما جماعت الدعوة پاکستان

پیر 29 دسمبر 2014 20:15

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29دسمبر 2014ء) جماعة الدعوة پاکستان کے مرکزی رہنماحافظ مسعود کمال الدین کہا کہ سیرت نبویﷺ سے رہنمائی نہ لینے کی وجہ سے سانحہ پشاور جیسے واقعات رونما ہو رہے ہیں۔ سیرت النبی ﷺ کا ہر پہلو ہر دور میں قابلِ عمل رہا ہے۔ فتنہ تکفیر نے مسلمانوں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ مسلم ملکوں اور معاشروں میں بم دھماکے اور قتل و غارت گری دشمن قوتوں کا ایجنڈا ہے۔

حکمران سیاسی، معاشی و معاشرتی نظاموں کے لیے مغرب کی بجائے سیرت النبیﷺ سے رجوع کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد مکرم مجاہد ٹاؤن، جڑانوالہ روڈ میں سیرت النبی ﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حافظ مسعود کمال الدین نے کہا کہ اسلام امن و سلامتی کا دین ہے تمام انبیاء نے کفر و شرک کے خاتمے اور توحید الٰہی کے پرچار کے لیے جدوجہد کی ہے۔

(جاری ہے)

دنیامیں امن، اسلام کے سنہری اصولوں کو اختیار کرنے سے ہی آسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں عیسائیت کے پیروکاروں نے سب سے زیادہ دہشت گردی اور قتل و غارت گری کو فروغ دیا ہے۔ جب انبیاء کے راستے کو ترک کر دیا جائے اور اپنے خود ساختہ اصولوں کی پیروی اختیار کی جائے تو نتیجتاً دنیا میں فتنہ و فساد برپا ہو گا۔ حافظ مسعود کمال الدین نے کہا کہ حب النبی ﷺ کا تقاضا یہی ہے کہ ہم رسول اللہﷺ کے طریقے کو اختیار کر کے دنیا میں ظلم و شرک کا خاتمہ کریں۔

حب رسولﷺ کے نام پر اپنے خود ساختہ طریقوں کو اختیار کرنا سراسر گمراہی ہے۔ مسلمانوں نے جب سیرت رسولﷺ سے رہنمائی لینا ترک کر دی تو مسلم معاشروں میں قتل و غارت گری اور فتنہ و فساد کے لیے راہیں ہموار ہوئیں۔ فتنہ تکفیر اور ذلالت و گمراہی کے خاتمے کے لیے قرآن و سنت کی تعلیمات پر تمسک اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام اور حکمران اگر رسول اللہﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو جائیں تو دہشت گردی اور ظلم و تشدد کا خاتمہ ہو سکتا ہے۔ موجودہ دور میں اتحاد و یکجہتی کا ماحول پیدا کرنے کے لیے تعلیمات نبویﷺ سے رہنمائی لینا ناگزیر ہو چکا ہے۔

متعلقہ عنوان :