سنوکر چیمپئن شپ میں رامبیل گل نے 147 کی ہائی بریک لگا کر تاریخ رقم کردی

پیر 29 دسمبر 2014 17:44

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 29دسمبر 2014ء) خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والے نیشنل سنوکر چیمپئن شپ کے رنر اپ کھلاڑی رامبیل گل نے انٹر کلب سنوکر چیمپئن شپ میں 147 کا بریک لگا کرتاریخ رقم کردی ، انہوں نے یہ اعزاز گرین سنوکر کلب میں انٹر کلب سنوکر چیمپئن شپ میں پشاور کے کھلاڑی سربلند کے خلاف حاصل کیا ۔ اس سے قبل 147 کی بریک سابق ورلڈ چیمپئن صالح محمد نے ایشین سنوکر چیمئن شپ میں لگائی تھی جو کہ ایک ورلڈ ریکارڈ ہے ۔

اس موقع پر رامبیل گل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ147 بریک لگا کر انہیں کافی خوشی ہے یہ نہ صرف خیبرپختونخوا بلکہ پاکستان کی تاریخ میں بھی پہلا موقع ہے کہ کسی کھلاڑی نے اس کھیل میں کھیلا جانے والا سب سے بڑا بریک کھیلا ہو۔انہوں نے کہا کہ نیشنل سنوکر چیمپئن شپ میں بھی انہوں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ پیش کیا اور کواٹر فائنل پاکستان کے سابق ورلڈ چیمپئن محمد آصف کو شکست دیکر سیمی فائنل اور پھر فائنل تک رسائی حاصل کی لیکن فائنل میں قسمت نے ان کا ساتھ نہیں دیا اور وہ فائنل ہار گئے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ہمار ے صوبے میں سنوکر کھیل کا کافی ٹیلنٹ موجود ہے اگر ان کھلاڑیوں پرتھوڑی سی محنت کی جائے تو وہ دن دور نہیں کہ ہم ورلڈ سنوکر ٹائٹل جیتنے میں کامیاب نہ ہو۔سابق صوبائی وزیر کھیل و صدر صوبائی اولمپک ایسوسی ایشن سید عاقل شاہ اور سنوکر ایسوسی ایشن کے صدر ذوالفقاربٹ نے رامبیل گل کی تاریخ ساز ہائی بریک پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں رامبیل گل ہی پاکستان کو سنوکر میں ورلڈ ٹائٹل جیت کر دلائے گا۔

متعلقہ عنوان :