وزیراعلیٰ پنجاب سے برطانوی ہائی کمشنر کی ملاقات، سانحہ پشاور کی مذمت، معصوم بچوں کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہار،

دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی لازوال قربانیوں کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی،شہبازشریف

پیر 29 دسمبر 2014 17:03

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 29دسمبر 2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے برطانیہ کے ہائی کمشنر فلپ بارٹن (Mr. Philip Barton) نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات کے فروغ ، تعلیم، صحت اور دیگر سماجی شعبوں میں تعاون کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا۔ برطانوی ہائی کمشنر نے سانحہ پشاور کی مذمت کرتے ہوئے بچوں اور اساتذہ کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے برطانوی ہائی کمشنر سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ معصوم بچوں کے خون سے ہاتھ رنگنے والے سفاک درندوں نے ظلم کی انتہا کی اور بربریت کے اس بدترین واقعہ کی نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں شدید مذمت کی گئی۔سفاکیت کے ایسے اندوہناک واقعے کی دنیا کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی۔

(جاری ہے)

ماؤں کی گودیں اجاڑنے والے سفاک قاتلوں کا یوم حساب آ گیا ہے۔

شہداء کے خون کے ایک ایک قطرے کا بدلہ لیا جائے گا۔ اتحاد اور اتفاق کی قوت سے دہشت گردوں کا ناپاک وجود دھرتی سے ہمیشہ ہمیشہ کیلئے مٹا کر دم لیں گے۔پاکستان کے مستقبل کے ساتھ کھیلنے والے دہشت گردوں کو نشان عبرت بنا دیا جائے گا۔ دہشت گردی کا ناسور ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے زہر قاتل ہے۔ آخری دہشت گردکے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔ دہشت گردی اور انتہاپسندی کے ناسور کے خاتمے کیلئے پوری پاکستانی قوم یکجا ہو چکی ہے۔

تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں نے اتحاد کا مثالی مظاہرہ کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف نیشنل ایکشن پلان پر اتفاق کیا ہے۔ پاکستان میں دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کا چن چن کر خاتمہ کریں گے۔ افواج پاکستان دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائی کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 40 ہزار سے زائد پاکستانی، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی جانیں نچھاور کر چکے ہیں جن میں افواج پاکستان کے افسران، جوان، پولیس حکام، اہلکار اور عام شہری بھی شامل ہیں۔

دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی لازوال قربانیوں کی اقوام عالم میں نظیر نہیں ملتی ۔انہوں نے کہا کہ یہ جنگ ہماری آئندہ نسلوں کی بقاء کی جنگ ہے ۔پاکستان کو قائم و دائم رکھنے کیلئے اس جنگ میں پاکستانی قوم سرخرو ہوگی۔ دہشت گردی ختم کرکے ملک کو حقیقی معنوں میں امن کا گہوارہ بنائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تجارتی اور معاشی تعلقات کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان برطانیہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔

پنجاب میں برطانیہ کے بین الاقوامی ترقی کے ادارے (ڈیفڈ) کے تعاون سے تعلیم، صحت اور سکل ڈویلپمنٹ کے شعبوں میں جاری پروگرامز پر کامیابی سے عملدرآمد ہو رہا ہے۔ تعلیم ایک ایسا ہتھیار ہے جس کے ذریعے انتہاپسندی اور دہشت گردی جیسے رجحانات پر قابو پایا جا سکتا ہے یہی وجہ ہے کہ پنجاب حکومت تعلیم پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور صوبے کے پسماندہ اضلاع میں سٹیٹ آف دی آرٹ دانش سکول قائم کئے گئے ہیں جہاں پر جدید طرز پر معیاری تعلیم فراہم کی جاتی ہے۔

بلاشبہ دانش سکول انتہاپسندی کے رجحانات کے خاتمے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سکل ڈویلپمنٹ کے ذریعے نوجوانوں کو ہنرمند بنا کر روزگار فراہم کیا گیا ہے اور اس پروگرام کا دائرہ کار بڑھایا جا رہا ہے۔ سکل ڈویلپمنٹ کے ذریعے اب تک ہزاروں نوجوانوں کو اپنے پاؤں پر کھڑا کیا گیا ہے۔ اسی طرح صحت عامہ خصوصاً مدر اینڈ چائلڈ کئیر کے حوالے سے ڈیفڈ کے تعاون سے پروگرام کامیابی سے آگے بڑھ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت برطانیہ کے ساتھ سماجی شعبوں کی ترقی کے حوالے سے تعاون کا دائرہ کار مزید وسیع کرنے کی خواہاں ہے۔برطانوی ہائی کمشنر فلپ بارٹن نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پشاور کے سکول میں معصوم بچوں اور اساتذہ کی شہادت پر دلی افسوس ہوا ہے اور برطانیہ کے عوام پاکستانی قوم کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون جاری رکھیں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے صوبے کے عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے عملی اقدامات اٹھائے ہیں جو قابل تعریف ہیں۔