Live Updates

کراچی کے ٹمبر مارکیٹ میں لگنے والی آگ حکومتی نااہلی ، بے حسی اور بد انتظامی کا شاخسانہ ہے ، خرم شیر زمان ،

فی گھر ایک لاکھ روپے دینے کے اعلان ٹمبر مارکیٹ کے متاثرین کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے ،رہنما پاکستان تحریک انصاف

پیر 29 دسمبر 2014 16:23

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 29دسمبر 2014ء ) پاکستان تحریک انصاف کے سندھ کے رہنما و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ کراچی کے ٹمبر مارکیٹ میں لگنے والی آگ حکومتی نااہلی ، بے حسی اور بد انتظامی کا شاخسانہ ہے ، ٹمبر مارکیٹ کی صورتحال دیکھ کر دل خون کے آنسو رو رہا ہے ، اتنی بڑی تباہی حکومتی اداروں کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔

یہ باتیں انہوں نے سانحہ ٹمبر مارکیٹ پر اپنے ایک مذمتی بیان پر کہیں ۔

(جاری ہے)

خرم شیر زمان نے مزید کہا کہ ٹمبر مارکیٹ کی آتشزدگی کی جوڈ یشنل کمیشن قائم کر کے عدالتی تحقیقات کرائی جائیں تاکہ پتہ چل سکے کہ اتنا بڑا سانحہ کیسے رونما ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ ٹمبر مارکیٹ کے اس سانحہ سے ہزاروں لوگ متاثر ہوچکے ہیں ، ٹمبر مارکیٹ سانحہ کے باعث تاجروں کے ساتھ ساتھ سینکڑوں رہائشی خاندان بھی متاثر ہوا ہے ، اتنے بڑے نقصان پر حکومت سندھ کی جانب سے فی گھر ایک لاکھ روپے دینے کے اعلان ٹمبر مارکیٹ کے متاثرین کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے ۔

انہوں نے کہا تحقیقات مکمل کر کے ذمہ داروں کو قرار واقعی سزا دی جائے ، ٹمبر مارکیٹ کے تاجروں کیساتھ ساتھ رہائشی متاثرین کو بھی معقول معاوضہ دیا جائے تاکہ وہ اپنے زندگی کی گاڑی کی رواں دواں رکھ سکیں ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات