قائدایم کیوایم کا ٹمبرمارکیٹ میں آتشزدگی سے متاثرہ عوام کیلئے قائم ایم کیوایم کے امدادی کیمپ میں رابطہ،

متاثرین کی بھرپورامداد پرایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ارکان ، حق پرست عوامی نمائندوں اور کارکنان کو زبردست شاباش اور خراج تحسین پیش کیا

پیر 29 دسمبر 2014 15:48

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 29دسمبر 2014ء) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے ٹمبرمارکیٹ میں آتشزدگی سے متاثرہ عوام کیلئے قائم ایم کیوایم کے امدادی کیمپ میں فون کرکے متاثرین کیلئے امدادی سرگرمیوں کی تفصیلات معلوم کیں۔اس موقع پر حق پرست عوامی نمائندوں نے ایم کیوایم کی جانب سے متاثرہ خاندانوں کیلئے کی جانے والی امدادی سرگرمیوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

الطاف حسین نے متاثرین کی بھرپورامداد پرایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ارکان ، حق پرست عوامی نمائندوں ، سیکٹروں کے ذمہ داران اور کارکنان کو زبردست شاباش اور خراج تحسین پیش کیا ہے ۔ الطاف حسین نے کہاکہ ٹمبرمارکیٹ میں آگ لگنے کے بعد آپ تمام ساتھیوں نے اتحادویکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جس طرح اپنی جان ہتھیلی پررکھ کر آگ میں گھرے ہوئے افراد کو بچایا وہ قابل تحسین قدم ہے ۔

(جاری ہے)

الطاف حسین نے مزیدکہاکہ مستقبل میں اس قسم کے المناک واقعات سے بچاوٴ کیلئے میری ارباب اختیار اور اقتدار سے ٹیلی فون پر بات ہوئی ہے جس میں ان کی توجہ فائربریگیڈمیں عملے کی کمی، پانی کی کمیابی ، آگ بجھانے کے جدید آلات کی قلت اور فائرٹینڈرز کی خستہ حالی کی جانب مبذول کرائی گئی ہے ۔ اس کے علاوہ مختلف ٹی وی چینلز کو انٹرویو کے ذریعہ بھی حکمرانوں سے اپیل کی ہے کہ آتشزدگی کے باعث جن تاجروں اور شہریوں کی عمر بھر کی کمائی جل کر خاکستر ہوئی ہے ان کی بحالی اور نقصان کے ازالے کیلئے فوری اقدامات کیے جائیں۔

الطاف حسین نے ایم کیوایم کے تمام ذمہ داروں اور کارکنوں پر زور دیا کہ وہ متاثرہ خاندانوں کا بھرپورخیال رکھیں اورانہیں یقین دلائیں کہ ایم کیوایم اپنی بساط کے مطابق ان کی ہرممکن مددکرتی رہے گی ۔ اس موقع پر منتخب نمائندوں نے الطاف حسین کو بتایا کہ آتشزدگی سے متاثرہ خاندانوں کی بروقت امداد پر ایم کیوایم کے کردار کوسراہا جارہا ہے اور متاثرین کی جانب سے آپ کی صحت وسلامتی کیلئے دعائیں کی جارہی ہیں۔