کراچی میں آتشزدگی کے واقعات کی تحقیقات کیلئے وفاقی و صوبائی حکومت کی مشترکہ تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی جائے،شاہ محمد شاہ ،

صنعت، تجارت اور کاروباری زندگی کو نشانہ بنانیوالے ہاتھ بے نقاب نہ کئے گئے تو مستقبل میں بھی ایسے واقعات روکنا مشکل ہو جائیں گے،رہنما مسلم لیگ(ن)

پیر 29 دسمبر 2014 15:48

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 29دسمبر 2014ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کے سینئر نائب صدر سید شاہ محمد شاہ نے مطالبہ کیا ہے کہ کراچی میں ہونے والے آتشزدگی کے تمام واقعات کی از سر نو تحقیقات کے لئے وفاقی اور صوبائی حکومت کی مشترکہ تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی جائے اور آتشزدگی کے واقعات کی وجوہات اور ذمہ داروں کو منظر عام پر لایا جائے․ کراچی کی صنعت، تجارت اور کاروباری زندگی کو نشانہ بنانے والے ہاتھ بے نقاب نہ کئے گئے تو مستقبل میں بھی ایسے واقعات روکنا مشکل ہو جائیں گے․ پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کے سینئر نائب صدر سید شاہ محمد شاہ، سینئر صوبائی رہنما علی اکبر گجر ، حاجی محمد اقبال، عمر فاروق قریشی، سردار فیصل دستی،اقبال خاکسار، علی عاشق گجر نے ایک مشترکہ بیان میں کراچ ٹمبر مارکیٹ میں آتشزدگی کے اندوہناک واقعے پر پارٹی کی طرف سے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ شہر قائد سمیت سندھ کو مکمل طور پر نظر انداز کیا جا رہا ہے․ کراچی میں آتشزدگی کا حالیہ واقعہ پہلا نہیں اس شہر کی کاروباری، تجارتی اور صنعتی برادری کئی سالوں سے آتشزدگی کے واقعات کا شکار چلی آ رہی ہے․ حکومت سندھ کے متعلقہ اداروں کی لا علمی یا بے بسی کو بے نقاب کئے بغیر کراچی سمیت سندھ کے لوگوں کے گھروں، کاروبار اور جانوں کا تحفظ ممکن نظر نہیں آتا․ پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کے سینئر نائب صدر سید شاہ محمد شا نے کراچی کی ٹمبر مارکیٹ میں ہونے والی آتشزدگی کے تمام متاثرین کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کی قیادت صوبے کے تمام طبقات کے مفادات کے تحفظ کے لئے اپنے اراکین سندھ اسمبلی کے توسط سے حکومت سندھ پر دباؤ ڈالے گی کہ صوبائی محکموں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لئے تمام جماعتوں کے نمائندوں پر مشتمل کمیٹی بنائے جو ٹمبر مارکیٹ میں ہونے والی آتشزدگی کے تمام متاثرین کے نقصانات کی مفصل رپورٹ تیار کرے اور تمام متاثرین کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے․ سید شاہ محمد شاہ نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کی قیادت اپنی مرکزی قیادت سے کراچی کے شہریوں کے لئے خصوصی پیکیج کے لئے بات کرے گی تاکہ پاکستان کے سب سے بڑے صنعتی شہر کو ایسے سانحات سے بچانے کے لئے مئوثر اقدامات کئے جا سکیں․ پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کے سینئر رہنما علی اکبر گجر نے کہا کے ریڈیو پاکستان ،نیشنل شپنگ کارپوریشن کی عمارت میں دوبار، بولٹن مارکیٹ ، سائٹ ، بن قاسم،فرنیچر مارکیٹ، سولجر بازار، بلدیہ ٹاؤن گارمنٹ فیکٹری میں پیش آنے والے آتشزدگی کے سنگین واقعات کے حقائق کے بارے میں اہالیان کراچی کو بے خبر رکھ کر عوام کو اپنے تحفظ کے اقدامات کرنے سے بھی محروم رکھا گیا․ پارٹی کی صوبائی قیادت وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف سے درخواست کرے گی کہ کراچی شہر سمیت سندھ کی کاروباری، صنعتی اور تجارتی برادری کے ذمہ داران اور وفاقی حکومت کے نمائندوں پر مشتمل کمیشن تشکیل دیا جائے جس میں سندھ حکوت کے ذمہ داران اور سیاسی رہنماؤں کو شامل کر کے کراچی کے مسائل حل کئے جائیں ․ کراچی کی تجارتی برادری کے ساتھ پیش آنے والے واقعات کا سنجیدگی کے ساتھ سد باب نہ کیا گیا تو اس بات کے خدشات موجود ہیں کہ کراچی کا سرمایہ بیرون ملک منتقل ہونا شروع ہوجائے․ مسلم لیگ(ن) سندھ کے رہنما سردار فیصل دستی نے حکومت سندھ سے مطالبہ کیا کہ ٹمبر مارکیٹ میں کاروباری برادری کے نقصانات کے ساتھ ساتھ ٹمبر مارکیٹ کے اطراف میں موجود رہائشی عمارتوں میں رہنے والوں کے نقصانات کا حقیقی تخمینہ لگا کر تمام متاثرین کی مئوثر مالی امداد کی جائے ․ سردار فیصل دستی نے کہا کہ ٹمبر مارکیٹ کی آگ نے ہزاروں شہریوں کے کاروبار کے ساتھ ہزارہا گھروں، فلیٹوں کو بھی تباہ کردیا ہے جس کا ازالہ صوبائی حکومت بلا کسی سیاسی تخصیص کے کر کے شہر قائد کے رہنے والوں کے زخموں پر مرہم رکھے․ ٹمبر مارکیٹ کے سانحے کو بھی ماضی کے آتشزدگی کے واقعات کی طرح سیاست کی بھینٹ چڑہانے کی کوششیں پاکستان کی معیشت کو زمین بوس کرنے کا سبب بن سکتی ہیں․

متعلقہ عنوان :