سوئی گیس قیمتوں میں64فیصد تک اضافہ صنعتکاروں کیلئے مشکلات کا باعث ہوگا ‘ ظہیر بھٹہ،

پٹرولیم مصنوعات میں کمی کے باعث بجلی قیمتوں میں اضافہ واپس لیا جائے‘چیئرمین لاہور ٹاؤن شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن

پیر 29 دسمبر 2014 15:42

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 29دسمبر 2014ء) چیئرمین لاہور ٹاؤن شپ انڈسٹریز ایسوسی ظہیر بھٹہ نے یکم جنوری سے صنعتی مقاصد کیلئے سوئی گیس کی قیمتوں64فیصد تک اضافہ کے فیصلہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سوئی گیس قیمتوں میں 64فیصد تک اضافہ صنعتکاروں کے لیے مشکلات کا باعث ہوگا۔انہوں نے کہا کہ بجلی قیمتوں میں کمی صرف نومبر کے بلوں کیلئے کی گئی تھی لیکن اس کمی کے اعلان کے فوراً بعد60پیسے فی یونٹ مستقل اضافہ صنعتوں کو بحران میں مبتلا کردے گا بین الاقوامی سطح پر پٹرولیم مصنوعات 4سال کی کم ترین سطح پر پہنچ چکی ہیں اور اس سلسلہ میں پٹرولیم مصنوعات میں مزید کمی کیلئے سمری بھی وزیراعظم کوارسال کردی گئی ہے اس لیے پٹرولیم مصنوعات میں کمی کے باعث بجلی قیمتوں میں کیا گیا اضافہ فوراً واپس لیا جائے اور فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی فی یونٹ قیمتوں میں اسی تناسب سے کمی کی جائے جس تناسب سے اضافہ کیا جاتا رہا ہے تاکہ صنعتکار سکون کا سانس لے سکیں۔

(جاری ہے)

ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے خالد افضل شیخ سینئر وائس چیئرمین ،نعمان حسین وائس چیئرمین کے ساتھ ٹاؤن شپ انڈسٹریز کے صنعتکاروں کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ظہیر بھٹہ نے کہا کہ مہنگی بجلی اور مہنگی گیس صنعتی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہے صنعتی ترقی کیلئے سازگار مواقع کی فراہمی از حد ضروری ہے انہوں نے کہاکہ مہنگی بجلی اور گیس سے انڈسٹریز کی پیداواری لاگت میں اضافہ اور ملک میں مہنگائی بڑھے گی ۔سستی بجلی اور گیس کی مسلسل فراہمی سے ہی انڈسٹری اپنے پاؤں پر کھڑی ہوسکتی ہے،اس لیے گیس اور بجلی مہنگی کرنے کے فیصلہ پر نظر ثانی کی جائے اور گیس مہنگی کرنے کی بجائے گیس کی چوری روکی جائے تو گیس مہنگی کرنے کی ضرورت ہی نہیں پڑے گی۔

متعلقہ عنوان :