قدرتی آفات ، حادثات اور دہشت گردی کے واقعات میں متاثر ہونے والوں کے لئے سائیکوٹراماسینٹرز قائم کرنے کا فیصلہ

پیر 29 دسمبر 2014 15:41

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 29دسمبر 2014ء) قدرتی آفات ، بڑے حادثات اور دہشت گردی کے واقعات میں متاثر ہونے والے افراد کے ذہنی و نفسیاتی مسائل اور بیماریوں کے علاج اور ان کی بحالی کے لئے پنجاب میں سائیکوٹراما سینٹرز قائم کئے جائیں گے۔ اس بات کا اعلان سول سیکرٹریٹ میں پرائم منسٹر سائیکوسوشل ایڈوائزری کونسل کی کوارڈینیٹر ماروی میمن (ایم این اے) کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا۔

اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری سید مبشر رضا، سیکرٹری ہیلتھ جواد رفیق ملک ، سیکرٹری اطلاعات و ثقافت مومن آغا، سیکرٹری ہائرایجوکیشن عبداللہ سنبل، سیکرٹری سکولز عبدالجبار شاہین،سپیشل سیکرٹری ہوم ڈاکٹر شعیب اکبر کے علاوہ کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی ، سروسز انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز ، لاہور جنرل ہسپتال اور دیگر اداروں سے ماہرین نفسیات پروفیسر آفتاب آصف، ڈاکٹر رابعہ فرحان، ڈاکٹر شاہد ہاشمی ، رمشا رفیق،ڈاکٹر علی ہاشمی، ڈاکٹر آفتاب قادر خان، ڈاکٹر نازش عمران، ڈاکٹر فراست علی ڈوگراور دیگر ماہرین نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ماروی میمن نے کہا کہ 16دسمبر کو آرمی پبلک سکول پشاور میں دہشت گردی کے بدترین واقعہ کے بعد قومی سطح پر اس ضرورت کو محسوس کیا گیا اور وزیر اعظم محمد نواز شریف نے فوری طور پر قومی سطح پر نفسیاتی و سماجی ایڈوائزری کونسل قائم کی۔ انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات میں متاثر ہونے والے بچے ، ان کے والدین اور دیگر افراد ذہنی صدمات اور مسائل کا شکار ہو جاتے ہیں جس کے اثرات ان کی زندگیوں پر طویل عرصہ تک رہتے ہیں ۔

ماروی میمن نے کہا کہ ایسے افراد کو ذہنی صدمہ ، نفسیاتی مسائل اور بیماریوں سے بچانے کے لئے سائیکوسوشل سپورٹ کی بہت زیادہ ضرورت ہوتی ہے جس کے لئے قومی سطح کے علاوہ صوبائی سطح پر سائیکوٹراماسینٹرز کا قیام ناگزیر ہے۔اجلاس میں پراونشل سائیکو سوشل ایڈوائزری کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔مزید برآں ایک ٹیکنیکل کمیٹی بھی قائم کی جائے گی جس میں تمام متعلقہ اداروں کے ماہرین اور افسران شامل ہوں گے۔

ماروی میمن نے بتایا کہ قومی سطح پر جو ایڈوائزری کونسل قائم کی گئی ہے اس میں چاروں صوبوں سے تین تین ماہرین نفسیات لئے گئے ہیں۔اجلاس میں پراونشل سائیکوسوشل ایڈوائزری کونسل اور سائیکو ٹراما سینٹرز قائم کرنے ، سوشل موبلائزیشن، گائیڈ لائنزکی تیاری اور اس حوالے سے آگاہی مہم چلانے کے لئے محکمہ صحت، اطلاعات ، محکمہ داخلہ، پی ڈی ایم اے ، میڈیکل کالجوں ، ہائرایجوکیشن، سکول ایجوکیشن اور دیگر محکموں اور اداروں کو آن بورڈ لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ تمام محکموں کے ماہرین کی مشاورت سے مربوط طریقہ سے کام کو آگے بڑھایا جاسکے ۔

اجلاس میں پراونشل مینٹل ہیلتھ ایکٹ 2001کا ازسرنو جائزہ لے کر اس پر قانون سازی کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری مبشر رضا اور سیکرٹری ہیلتھ جواد رفیق ملک نے پراونشل سائیکوٹراما سینٹرز کے قیام میں صوبائی حکومت کی طرف سے بھرپور تعاون اور پیش رفت کی یقین دہانی کرائی۔