پنجاب نے دھند کی چادر اوڑھ لی ، موٹر وے پر ہیوی ٹریفک بند ، فلائٹ آپریشن معطل

شہریوں کو آمد و رفت میں مشکلات کا سامنا ، اندرون اور بیرون ملک جانے والی متعدد پروازیں تاخیر کا شکار

پیر 29 دسمبر 2014 13:44

پنجاب نے دھند کی چادر اوڑھ لی ، موٹر وے پر ہیوی ٹریفک بند ، فلائٹ آپریشن ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 29دسمبر 2014ء) پنجاب میں دھند کا راج ہے ، لاہور اور دیگر شہر شدید دھند کی لپیٹ میں آگئے ، شہریوں کو آمد و رفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔ موٹر وے پر ہیوی ٹریفک کا داخلہ بند جبکہ ایئر پورٹ پر فلائٹ آپریشن معطل کر دیا گیا ہے۔ تفصیلا ت کے مطا بق پنجاب کے مختلف شہروں میں ایک بار پھر ہر طرف دھند اندھا دھند چھائی ہوئی ہے۔

دھند کے باعث معمول پر آئی زندگی پھر سے ٹھٹھر گئی۔ جڑواں شہروں راولپنڈی ، اسلام آباد میں خشک اور سرد موسم کے باعث زندگی منجمد ہے جبکہ مضافاتی علاقوں میں دھند کا راج ہے۔ لاہور شہر سے ملحقہ مضافاتی علاقے شدید دھند کی زد میں ہونے کی وجہ سے گلیوں بازاروں اور سڑکوں پر دھند کی چادر تن گئی۔ سڑکوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کے علاوہ پیدل چلنے والوں کو بھی مشکلات کا سامنا ہے۔

(جاری ہے)

دھند کے باعث لاہور ایئر پورٹ پر فلائٹ آپریشن معطل ہے ، اندرون اور بیرون ممالک پروازوں کی آمد و رفت میں تاخیر کے باعث مسافر پریشان حال ہیں ،14 بین الاقوامی پروازیں تعطل اور اندرون ملک آنے جانے والی 6 پروزیں بھی تاخیر کا شکار ہیں۔ دھند کے باعث موٹر وے پر بھاری ٹریفک کا داخلہ بند ہے تاہم چھوٹی گاڑیوں کو قافلوں کی صورت روانہ کیا جا رہا ہے ، موٹر وے پولیس نے خبردار کیا ہے کہ شہری موٹر وے پر غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ دھند کے باعث ٹرینوں کی آمد و رفت بھی متاثر ہو رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :