میرپور بٹھورو میں ایک ہفتے کے دوران 10 سے زائد دکانوں سے چوری کی وارداتوں کے خلاف واپاری ایسوسی ایشن کا احتجاجی مظاہرہ

پیر 29 دسمبر 2014 13:40

میرپور بٹھورو (اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 29دسمبر 2014ء) میرپور بٹھورو میں ایک ہفتے کے دوران 10 سے زائد دکانوں سے چوری ہونے کی وارداتوں کے خلاف واپاری ایسوسی ایشن کے رہنماؤں کا صوفی شاہ عنایت پریس کلب بٹھورو کے سامنے احتجاجی مظاہرہ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق میرپور بٹھورو شہر میں ایک ہفتے کے دوران شہر کی 10 سے زائد دکانوں سے چوری کی وارداتیں ہونے کے خلاف تعلقہ واپاری ایسوسی ایشن کے رہنماؤں عبدالغفور میمن‘ حاجی موسیف کھڑ‘ دیوان سیرومل‘ کرشن مل‘ گرمکھداس‘ قادری کھئی اور دوسرے بیوپاریوں نے صوفی شاہ عنایت پریس کلب بٹھورو کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔

انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ ایک ہفتے کے دوران ہاشم کھئی‘ آچار بھرگڑی‘ سکندر رنگریز‘ ساجن کبھار‘ تارامل‘ پرکاش مل کی دکانوں کی چھتیں توڑ کر لاکھوں روپے کا سامان چوری کئے گیا ہے مگر پولیس نوٹس لینے کیلئے تیار نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ نامعلوم افراد شہر میں گھومتے رہتے ہیں جس کی وجہ سے شہری غیر محفوظ ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ دو دن میں بدامنی اور چوریوں پر کنٹرول نہ کیا گیا تو ہم پولیس کے خلاف مٹن بس اسٹاپ پر دھرنا لگائیں گے۔