یونین کونسل بنہ مولہ میں بجلی کی غیرمنصفانہ لوڈ شیڈنگ کیخلاف عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز،

ہزاروں کی تعدادمیں لوگ گھروں سے نکل آئے اور لوڈ شیڈنگ کیخلاف احتجاجی ریلی نکالی

پیر 29 دسمبر 2014 12:41

مظفرآباد+وادی لیپہ(اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 29دسمبر 2014ء) محکمہ برقیات کے مقامی اہلکاروں کی جانب سے یونین کونسل بنہ مولہ میں بجلی کی غیرمنصفانہ لوڈ شیڈنگ کیخلاف عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا،ہزاروں کی تعدادمیں لوگ گھروں سے نکل آئے اور لوڈ شیڈنگ کیخلاف احتجاجی ریلی نکالی ،احتجاجی ریلی ہوچڑی بازار سے شروع ہوئی اور راستے میں موجی ،لبگراں،چکمقام ،بنہ مولہ،انٹلیاں،کپہ گلی ،غائی پورہ ،تلہ واڑی ،بٹلیاں،بجلدھار،تریڈہ ،چھتکڑی،نڑی ناڑ سے احتجاجی جلوس مرکزی جلوس میں شامل ہوتے رہے ،بعد ازاں وادی لیپہ میں برقیات اور تحصیل دفاتر کا گھیراؤ کیا گیا،اس موقع پر شدیدنعرے بازی کی گئی،عوام کا جم غفیر دیکھ کر انتظامیہ موقع سے غائب ہو گئی ،اس موقع پر پورا دن احتجاجی دھرنا دیاگیا،بعد ازاں مظاہرین نے 2 جنوری کی ڈیڈلائن دیتے ہوئے دھرناموخرکردیا،احتجاجی دھرناسے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہاکہ محکمہ برقیات کا مقامی عملہ یونین کونسل بنہ مولہ کی بجلی زبردستی بند کرکے نفرت کو فروغ دینے کی کوشش کررہاہے،وزیر برقیات،سیکرٹری برقیات کو نوٹس لینا چاہیے اور مقامی عملہ کو یہاں سے تبدیل کیا جائے بصورت دیگر احتجاجی کا دائرہ کاردارالحکومت تک پھیل سکتاہے ،مظاہرین نے کہا کہ سردیوں میں بجلی کا بحران ایک مسئلہ ضرور ہے مگر وادی لیپہ میں برقیات کا مقامی عملہ چالبازی سے یونین کونسل بنہ مولہ کی بجلی رات ہوتے ہی کاٹ دیتا ہے،ایک ماہ کا عرصہ گزرنے کے باوجودکسی کے کان پر جوں تک نہیں رینگی،دو جنوری تک ہمارے مطالبات حل نہ ہوئے تو دارالحکومت کی جانب لانگ مارچ کیاجائے گاجس کی تمام ذمہ داری تحصیل انتظامیہ اور محکمہ برقیات پر عائد ہو گی ،انہوں نے مطالبہ کیا کہ وادی میں منصفانہ بنیادوں پر لوڈ شیڈنگ کا شیڈول بنایا جائے بصورت دیگر پاور ہاؤس بند کر دینگے۔

متعلقہ عنوان :