وفاقی وزیرخزانہ کا قائد ایم کیوایم سے ٹیلی فونک رابطہ، اگر آگ بجھانے کے بروقت انتظامات کئے جاتے تو شہریوں کی املاک کو بچایاجاسکتا تھا، الطاف حسین،قدرتی آفات ،حادثات کی روک تھام ،شہریوں کی جان ومال کے تحفظ کیلئے وفاقی فنڈز کو استعمال کرنا سندھ حکومت کی ذمہ داری ہے ، اسحاق ڈار

اتوار 28 دسمبر 2014 21:37

وفاقی وزیرخزانہ کا قائد ایم کیوایم سے ٹیلی فونک رابطہ، اگر آگ بجھانے ..

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28دسمبر۔2014ء) وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین سے ٹیلی فون پر رابطہ کرکے کراچی کی ٹمبر مارکیٹ میں ہونے والی آتشزدگی کے نتیجے میں ہونے والے مالی نقصان پر دلی افسوس کااظہار کیا۔ الطاف حسین نے وفاقی وزیرخزانہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ سندھ کی صوبائی حکومت آتشزدگی سے متاثرہ عوام کی مدد کے بجائے محض وضاحتیں کررہی ہے ۔

کراچی جیسے بڑے شہر میں قدرتی آفات ، سانحات اور حادثات سے عوام کی جان ومال کے تحفظ کیلئے کسی قسم کے عملی اور ٹھوس اقدامات دیکھنے میں نہیں آرہے ہیں لہٰذاکسی بھی قدرتی آفات اور حادثات میں عوام کی جان ومال کے تحفظ کیلئے وفاقی حکومت کو بھی اپنا بھرپورکردار ادا کرنا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہاکہ اگرٹمبر مارکیٹ کراچی میں لگنے والی آگ کو بروقت بجھانے کے انتظامات کیے جاتے،صوبائی حکومت اور شہری انتظامیہ اپنے فرائض کی ادائیگی میں مجرمانہ غفلت کامظاہرہ نہ کرتیں تو شہریوں کی املاک کو بچایاجاسکتا تھا۔

الطاف حسین نے کہاکہ اتنے بڑے شہر میں آگ پر قابو پانے کیلئے فائربریگیڈ جیسا اہم ادارہ جدید گاڑیوں اور آگ بجھانے کے دیگر جدید آلات سے محروم ہے۔ اس سلسلے میں صوبائی حکومت کے ساتھ ساتھ وفاقی حکومت بھی اپنی ذمہ داری کااحساس کرے اور خصوصی فنڈز فراہم کرے۔ انہوں نے کہاکہ وفاقی وصوبائی حکومتوں کا فرض ہے کہ وہ وی وی آئی پی کلچر کا خاتمہ کرکے حکومت کے ہرشعبہ میں کفایت شعاری سے کام لے، وزرائے اعلیٰ، گورنرز اور وزراء کی شاہ خرچیاں بند کی جائیں اور سرکاری فنڈز کو عوام کے بنیادی مسائل کے حل کیلئے استعمال کیا جائے۔

الطاف حسین نے وفاقی حکومت سے اپیل کی کہ ٹمبرمارکیٹ کراچی میں آتشزدگی سے متاثرہ عوام کی بھرپورمددکی جائے ۔ الطاف حسین نے تجویز دی کہ وفاقی حکومت قانون سازی کرکے اس بات کویقینی بنائے کہ چاروں صوبوں میں حکمراں جماعت اپنے جلسے جلوسوں میں سرکاری وسائل ،سرکاری مشینری اورافرادی قوت استعمال نہ کرسکے۔ وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے آتشزدگی کے نتیجے میں شہریوں کی قیمتی املاک خاکستر ہونے پر دلی افسوس کااظہارکرتے ہوئے الطاف حسین کو یقین دلایا کہ وفاقی حکومت ، کراچی میں آتشزدگی سے متاثرہ عوام کی ہرممکن مددکرے گی ۔

انہوں نے کہاکہ 18 ویں ترمیم کے بعد صوبوں کو اختیارات دیئے گئے ہیں اور گزشتہ سال سندھ حکومت کو این ایف سی ایوارڈ کی مدد میں 16 فیصد اضافی فنڈز فراہم کیے گئے ہیں اور یہ سندھ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ قدرتی آفات اور حادثات کی روک تھام اور شہریوں کی جان ومال کے تحفظ کیلئے ان فنڈز کو استعمال کرے ۔ حکومت سندھ کو چاہیے کہ وہ اس سلسلے میں اپنی ترجیحات طے کرے اوروفاق کی جانب سے دیئے گئے فنڈز کو استعمال کرے ۔ انہوں نے الطاف حسین کی بات سے مکمل اتفاق کرتے ہوئے کہاکہ وی وی آئی پی کلچر اور شاہ خرچیوں کا کلچر تبدیل کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے ۔انہوں نے الطاف حسین سے کہاکہ آپ دکھی انسانیت کی خدمت ، عبادت سمجھ کر ادا کررہے ہیں اور اللہ تعالیٰ آپ کو اس کارخیر کا اجردے گا۔