پشتونخوا اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پشتونخوا وطن کے نوجوانوں طلباء کیلئے ایک علمی ،نظریاتی اور سیاسی دانش گاہ کی حیثیت رکھتا ہے،محمود علی کاکڑ،پلیٹ فارم سے طلبہ علمی ونظریاتی بنیادوں پر نیشنلزم پر مبنی نظریات کو فروغ دے رہے ہیں ، زونل سینئر معاون سیکرٹری

اتوار 28 دسمبر 2014 20:47

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28دسمبر۔2014ء) پشتونخوا اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن جنوبی پشتونخوا زون کے زونل سینئر معاون سیکرٹری محمود علی کاکڑ ، بخت اللہ افغان ،عتیق الرحمن ،حبیب اللہ ،عنایت اللہ ، پشتون یاراور سلیم اولس یار نے کان مہترزئی میں آرگنائزیشن کے نئے علاقائی یونٹ کے قیام اور مختلف کلیوں میں آرگنائزیشن کے زیر اہتمام اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پشتونخوا اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پشتونخوا وطن کے نوجوانوں طلباء کیلئے ایک علمی ،نظریاتی اور سیاسی دانش گاہ کی حیثیت رکھتا ہے اورآرگنائزیشن کے پلیٹ فارم سے طلباء اور نوجوان علمی ونظریاتی بنیادوں پر وطن دوستی ،قومی دوستی ،جمہوریت کی بالادستی ،سماجی عدل وانصاف اور نیشنلزم پر مبنی نظریات کو فروغ دے رہی ہے اور معاشرے میں روشن فکری ،ترقی پسند سوچ کو پروان چڑھا کر ہمارے سماج سے بے علمی ،جہالت ،رجعت پسندی ،ارتجاعی ،استحصالی اور استعماری فکر وعمل کیخلاف جدوجہد میں سائنسی بنیادوں پر مصروف عمل ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قومی غلامی سے نجات اور محکوم پشتونخوا وطن کی ملی وحدت قومی تشخص کی بحالی اور پشتونخوا وطن کے قومی وسائل پر معاشی حاکمیت کا قیام ایک قومی سیاسی جمہوری نظریاتی اور علمی پارٹی اور تنظیم کے بغیر ناممکن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کی اقوام ممالک کی تاریخ گواہ ہے کہ جو اقوام آزادی کی نعمت سے فیضیاب ہوئے ہیں انہوں نے سب سے پہلے سیاسی پارٹی کی بنیاد رکھی اور اپنی پارٹی کے کارکنوں کی علمی اور نظریاتی تربیت ونشونماء کی اور علمی بنیادوں پر پارٹی کارکنوں کو جدوجہد کیلئے آمادہ کیا۔

انہوں نے کہاکہ پشتونخوامیپ اور پشتونخوا اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن نے ملک میں طویل فوجی مارشلاؤں کیخلاف منظم انداز میں جدوجہد وقربانیاں دی ہے اور ہر آمریت کیخلاف جمہوریت کی بحالی واستحکام کی تحریکوں میں رہنماء اور کلیدی رول ادا کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پشتونخوا اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے کارکنوں کی قومی سیاسی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ آرگنائزیشن کے صفوں کو مزید منظم کرنے کیلئے اپنے تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں۔